نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں درخواست دعا سمیع فخرہ جدران صاحبہ آئرلینڈ سے تحریر کرتی ہیں کہ ان کی خالہ سیدہ فرحت عقیل صاحبہ اہلیہ انیس عقیل صاحب (جماعت احمدیہ نیو جرسی، امریکہ) عید سے ایک روز قبل اپنے گھر میں گرنے کی وجہ سے زخمی ہو گئیں جس کے بعد انہیں ہسپتال داخل کیا گیا اور کئی روز تک آئی سی یو میں زیر علاج رہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۱؍جون ۲۰۲۵ء کو اُن کی سرجری کامیاب رہی تاہم ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق وہ مزید سات دن تک ہسپتال میں زیر علاج رہیں گی۔ بعد ازاں انہیں چار ہفتوں کے لیے ایک بحالی مرکز منتقل کیا جائے گا جہاں مخصوص ورزشوں کے ذریعے ان کا علاج جاری رہے گا۔ ان شاءاللہ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے خاص فضل سے مریضہ کو کامل و عاجل شفا عطا فرمائے اور دوبارہ بغیر سہارے کے چلنے پھرنے کے قابل بنائے۔ آمین ایک احمدی کا اعزاز ٭… لطیف احمد شیخ صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل یوکے تحریر کرتے ہیں کہ Youth for Human Rights International کی طرف سے مکرم سر افتخار احمد ایاز صاحب KBE, OBE, PhDکو مورخہ ۵؍مئی ۲۰۲۵ء کو ’’چیمپئن آف ہیومن رائٹس‘‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ ادارہ کی صدر محترمہ میری شٹل ورتھ صاحبہ اس حوالے سے تحریر کرتی ہیں کہ خدمت انسانیت کے جذبہ اور خلوص پر خصوصی اعتماد اور بھروسہ رکھتے ہوئے ہم یہ اعزاز ’’چیمپئن آف ہیومن رائٹس‘‘ عزت مآب سر افتخار احمد ایاز KBE, OBE, PhDکو پیش کرتے ہیں۔ یہ اعزاز ان کی زندگی بھر کی ان مثالی خدمات کے اعتراف میں ہے جن میں انسانی حقوق کے فروغ، امن و سلامتی کو قائم کرنا اور انسانیت کو باوقار بنانے کے ليے کوششیں شامل ہیں۔ دولت مشترکہ اور اقوام متحدہ کے ساتھ اپنے نمایاں دور میں اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل میں اقلیتوں کے حقوق کے علمبردار کی حیثیت سے سر افتخار نے حرمت انسانیت، آزادی اور عدل وانصاف کے قیام کے ليے مثالی عزم اور لگن کا مظاہرہ کیا ہے۔ بین الاقوامی انسانی حقوق کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر ان کی شاندار قیادت نیز برطانیہ، دولت مشترکہ اور اقوام متحدہ میں طوالو کی نمائندگی اور اسی طرح مذہبی آزادی، انسانی ترقی، غربت کے خاتمہ اور تنازعات کے حل کے ليے آپ کی مسلسل اور بے لوث وکالت کی بنا پر آپ کو عالمی سطح پر عزت واحترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ سر افتخار ایاز کو متعدد اعزازات سے نوازا گیا ہے جن میں سال ۲۰۱۶ء کا رول ماڈل، او بی ای (برطانوی سلطنت کے انتہائی عمدہ آرڈر کا افسر ) اور کے بی ای (برطانوی سلطنت کے اعلیٰ ترین نشان کا حامل کمانڈر) شامل ہیں۔ ۲۰۱۲ء میں آپ کو ملکہ برطانیہ کے پلاٹینم جوبلی میڈل سے اور اسی طرح ۲۰۲۰ء میں ملکہ برطانیہ کے انسانی خدمات کے میڈل سے نوازا گیا۔ آپ احمد یہ مسلم کمیونٹی کے رکن ہیں اور بطور سابق امیر جماعت ہائے احمد یہ برطانیہ بھی خدمات بجالا چکے ہیں۔ آپ طوالو میں احمد یہ کمیونٹی کے ابتدائی نمائندہ بھی تھے۔ آپ ایک قابل مصنف اور مقرر بھی ہیں۔ آپ کی تصنیف کردہ متعدد کتب منظر عام پر آکر پذیرائی حاصل کر چکی ہیں۔ اسی طرح آپ دنیا کے متعدد ممالک میں کئی بین الاقوامی کانفرنسز میں عالمی امن کے قیام اور موسمیاتی تبدیلی کے نتائج پر سیرحاصل تقاریر کر چکے ہیں۔ ہم سر افتخار ایاز کو خصوصی طور پر ’’یوتھ فار ہیومن رائٹس انٹرنیشنل‘‘ کی مستقل حمایت پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں جس کا مقصد دنیا بھر کے نوجوانوں کو اپنے حقوق سے روشناس کرنا ہے جیسا کہ اقوام متحدہ کے عالمگیر اعلانیہ برائے انسانی حقوق میں واضح کیا گیا ہے۔ نیز اس کا مقصد امن وسلامتی، مساوات اور احترام انسانیت پر مبنی مستقبل کی راہ ہموار کرنے کے ليے بھی کام کرنا ہے۔ ٭…٭…٭