٭… ’’جماعت احمدیہ امن عالم کی ضمانت ہے‘‘کے مرکزی موضوع پر جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد ٭…مختلف دینی و روحانی موضوعات پر علمائے سلسلہ کی تقاریر ٭… کُل ۴۹۳؍احباب کی شمولیت اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے جماعت احمدیہ ساؤتومے و پرنسپ کو گوادالوپ (Guadalupe) شہر کے سکول کے فٹسال گراؤنڈ میں مورخہ ۲۱؍دسمبر ۲۰۲۴ء کو اپنا گیارھواں جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک ساؤتومے و پرنسپ دو جزیروں پر مشتمل ملک ہے دونوں جزیروں کے درمیان بہت زیادہ فاصلہ ہے اس لیے دونوں جزائر پر علیحدہ علیحدہ جلسہ سالانہ منعقد کیا جاتا ہے۔ ۲۰؍اپریل 2024ء کوپرنسپ جزیرہ پر اور ۲۱؍دسمبر کو ساؤتومے میں جلسہ سالانہ منعقد کیا گیا۔ پرنسپ جلسہ سالانہ کی حاضری ۹؍جماعتوں سے ۱۲۳؍تھی اور جلسہ ساؤتومے کی حاضری ۲۸؍جماعتوں سے ۳۷۰؍ہوئی۔ امسال جلسے کا مرکزی موضوع ’’جماعت احمدیہ امن عالم کی ضمانت ہے‘‘ تھا۔ پروگرام جلسہ سالانہ ساؤتومے ۲۱؍دسمبر کی صبح آٹھ بجے تک احباب جماعت فٹسال گراؤنڈ میں جمع ہو گئےتھے۔ جلسہ سالانہ میں کُل گیارہ تقاریر کی گئیں جن کے موضوعات یوں ہیں۔ 1۔ رسول اللہﷺ امن کے شہزادے۔ 2۔ والدین سے حسن سلوک۔ 3۔جلسہ سالانہ کے قیام کا مقصد۔4۔شراب اور خنزیر کی مناہی از روئے قرآن و بائبل۔5۔معاشرے میں ایک احمدی کی ذمہ داریاں حضرت مسیح موعودؑ کی تحریرات کی روشنی میں۔ 6۔ مناسب لباس کی اہمیت۔ 7۔حقیقی جہاد۔ 8۔پاک اور نرم زبان کا استعمال۔9۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز امن کے سفیر۔ 10۔ سچ کی اہمیت۔ 11۔اسلام میں عورتوں اور بچوں کے حقوق۔ پہلا اجلاس: جلسے کے پہلے اجلاس کا آغاز ساڑھے آٹھ بجے ہوا جس کی صدارت خاکسار (مبلغ انچارج و نیشنل صدر جماعت احمدیہ ساؤتومے و پرنسپ) نے کی۔ تلاوت قرآن پاک عزیزم لوسیانو صاحب جماعت گوادا لوپ نے کی۔ پھر خدام الاحمدیہ ساؤتومے شہر نے مل کر ترانہ ’’قافلے در قافلے عشاق کے‘‘ پڑھا۔ نظم کے بعد پہلی تقریر خاکسار نے کی جس کا موضوع تھا ’’حضرت محمدﷺ امن کے شہزادے‘‘۔ اگلی تقاریر پھر باری باری ہوتی رہیں۔ پہلے اجلاس کے بعد وقفہ برائے ریفریشمنٹس ہوا۔ اس دوران نومبائعین نے اپنے احمدی ہونے کے ایمان افروز واقعات سنائے۔ اختتامی اجلاس: جلسے کا اختتامی اجلاس ساڑھے بارہ بجے منعقد ہوا جس کی صدارت خاکسار نے کی۔ تلاوت قرآن پاک مکرم دانیال صاحب جماعت سانتانا نے کی اور پرتگیزی زبان میں ترجمہ بھی پیش کیا۔ ساؤتومے شہر کے اطفال نے ترانہ ’’خلیفہ کے ہم ہیں خلیفہ ہمارا‘‘ پیش کیا۔ پہلی تقریر مکرم سلیمان یوسف صاحب لوکل مشنری نے کی جس کا موضوع تھا’’والدین سے حسن سلوک‘‘۔ جلسے کی آخری تقریر خاکسار نے ’’اسلام میں عورتوں اور بچوں کے حقوق‘‘ کے موضوع پر کی۔ آخر پر خاکسار نے دعا کرائی۔ دعا کے بعد احباب جماعت نے چند نظمیں اور ترانے پڑھے۔ نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں جن کے بعد احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ شام پانچ بجے تک تمام احباب جماعت بخیریت اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔ جلسہ سالانہ میں الحمد للہ ۲۸؍جماعتوں سے ۳۷۰؍احباب جماعت اور غیر مسلم احباب نے شرکت کی۔ نیشنل ٹیلیویژن نے جلسہ سالانہ کی خبر نشر کی۔ تاثرات:٭…یونیورسٹی کے ایک طالبعلم مکرم فریدرک یوزے صاحب نے جلسے میں پہلی دفعہ شرکت کی اور جماعت کی تعلیمات سے متاثر ہو کر بیعت کر لی۔ موصوف پہلے سےہمارے مبلغ مکرم حافظ اعزاز الرحمٰن صاحب کے زیر تبلیغ تھے۔ ٭…مکرم مکیاش صاحب بلڈ ڈونیشن تنظیم کے صدر نے جلسے میں شرکت کی۔ یہ جماعت احمدیہ کے بہت اچھے دوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت کے ساتھ میرے تعلقات بہت اچھے ہیں۔ مجھے میرے چرچ والے کہتے ہیں کہ میں مسلمان ہوچکا ہوں۔ عملاً میں ۹۰ فیصد احمدی ہوں کیونکہ مجھے جماعت کی سرگرمیاں بہت پسند ہیں۔ جلسے کا ماحول بہت اچھا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ جلسہ تمام شاملین کے لیے بہت مبارک ہو۔ (رپورٹ: انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ نائیجر کے سترھویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد