خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بونڈائی بیچ پر ہونے والے حملے کے بعد ریاست نیو ساؤتھ ویلز کی پارلیمان نے گن کنٹرول اور احتجاج سے متعلق سخت قوانین منظور کر لیے ہیں۔ نئے قوانین کے مطابق ایک فرد زیادہ سے زیادہ چار جبکہ کسان دس اسلحہ لائسنس رکھ سکیں گے اور لائسنس کے لیے گن کلب کی رکنیت لازمی ہوگی۔ دہشت گرد حملے کی صورت میں پولیس کو تین ماہ تک احتجاج پر پابندی کے اضافی اختیارات حاصل ہوں گے۔ شدت پسند تنظیموں کے جھنڈوں اور علامات کی عوامی نمائش پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ یاد رہے کہ حملے میں پندرہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
٭…بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے امتحانی پرچے میں مسلم مخالف مظالم سے متعلق سوال شامل کیے جانے پر تنازع پیدا ہو گیا ہے۔ میڈیا کے مطابق بی اے (آنرز) سوشل ورک کے پہلے سمسٹر کے امتحان میں پندرہ نمبر کا سوال شامل کرنے پر پروفیسر وریندر بالاجی شاہرے کو معطل کر دیا گیا۔ اس سوال میں طلبہ سے بھارت میں مسلم اقلیت کے خلاف ہونے والے مظالم پر مثالوں کے ساتھ بحث کرنے کو کہا گیا تھا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے۔ واقعے پر تعلیمی اور سیاسی حلقوں میں بحث جاری ہے۔
٭…کسی ملک کی سرحد پر پاسپورٹ افسر کو دستاویز دکھانا اور اس پر مہر لگوانا جلد ماضی بن جائے گا۔ یورپی یونین نے ڈیجیٹل بارڈر مینیجمنٹ کے تحت انٹری، ایگزٹ سسٹم (ای ای ایس) متعارف کرا دیا ہے جس کا مکمل نفاذ اپریل ۲۰۲۶ء تک متوقع ہے۔ اس نظام کے بعد پاسپورٹ پر مہر لگانے کی بجائے مسافروں کی ڈیجیٹل سکریننگ کی جائے گی جس میں بائیومیٹرک ڈیٹا استعمال ہوگا۔ آسٹریلیا، جاپان اور کینیڈا پہلے ہی ایسے نظام نافذ کر چکے ہیں جبکہ امریکہ نے بھی بائیومیٹرک بارڈر سسٹمز کو مزید وسعت دینے کا اعلان کیا ہے۔
٭…ترک وزارت خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ حاقان فیدان نے انقرہ میں حماس کے ایک وفد سے ملاقات کی جس میں غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ حماس وفد نے معاہدے پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا اور اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ وفد نے غزہ میں انسانی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ وہاں امداد ناکافی ہے اور ادویات، ایندھن اور رہائشی سہولیات کی فوری ضرورت ہے۔ ترکی نے انسانی امداد کی فراہمی اور جنگ بندی کے تسلسل پر زور دیا۔
٭…بریڈفورڈ کراؤن کورٹ نے ہیروئن فروخت کرنے کے جرم میں سدرہ نوشین کو اکیس سال سے زائد قید کی سزا سنا دی ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ۲۰۲۴ء میں گرفتاری کے دوران اس کے گھر سے ساڑھے آٹھ ملین پاؤنڈ مالیت کی ۸۵؍کلو ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔ استغاثہ کے مطابق منشیات کپڑوں میں چھپا کر اس کے گھر لائی جاتی تھیں جہاں وہ ایک ایک کلو کے پیکٹ تیار کرتی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سدرہ نوشین منظم جرائم پیشہ گروہ کا حصہ تھی اور برطانیہ بھر میں ہیروئن سپلائی کرتی تھی جبکہ اس کے بیرونِ ملک روابط کے شواہد بھی ملے ہیں۔
٭…۱۳؍یورپی ممالک اور جاپان نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی جانب سے یہودیوں کی ۱۹؍نئی بستیوں کی منظوری کی شدید مذمت کی ہے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ایسے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں اور خطے میں عدم استحکام کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔ بیان میں دو ریاستی حل کے امکانات کو نقصان پہنچنے پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔ ادھر اسرائیل کی جانب سے غزہ اور لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، غزہ پر حالیہ حملوں میں ایک فلسطینی شہید جبکہ ایک بچے سمیت 12 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
٭…٭…٭



