برازیل کے شہر ریو دی جانئیرو میں منعقدہ مذہبی نمائش میں جماعت احمدیہ کی شرکت
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برازیل کو ریو دی جانئیرو کے مشہور شہر میں منعقد ہونے والی نیشنل مذہبی نمائش Expo Religião میں شامل ہونے کی توفیق ملی۔ یہ نمائش، جو لاطینی امریکہ کی اپنی نوعیت کی سب سے بڑی مذہبی نمائش قرار دی جاتی ہے، امسال ۱۹تا۲۱؍ستمبر کو منعقد ہوئی۔ گذشتہ چند برسوں سے جماعت احمدیہ اس نمائش میں باقاعدگی سے اپنا سٹال لگاتی آرہی ہے۔

رضاکار مربیان و اراکینِ جماعت احمدیہ نے جمعرات کے روز سٹال کی تیاری مکمل کی۔ پرتگیزی سمیت مختلف زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم، جماعتی کتب و رسائل اور تعارفی لٹریچر نمایاں طور پر رکھا گیا تھا۔ سٹال کے سامنے حضرت مسیح موعودؑ کی بڑی تصویر والا بینر نصب کیا گیا جس پر نمایاں الفاظ میں ’’مسیح موعود آگئے ہیں‘‘ تحریر تھا، جو زائرین کی فوری توجہ کا مرکز بنا۔
۱۹؍ستمبر بروز جمعہ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں تمام مذاہب کے نمائندگان نے اپنے طریق کے مطابق دعا کی۔ جماعت احمدیہ کی طرف سے سورۃ الفاتحہ کی تلاوت اور اس کا پرتگیزی ترجمہ پیش کیا گیا اور منتظمین کو مبارکباد دی گئی۔
تینوں ایام میں پیٹروپولس جماعت اور لجنہ اماءاللہ برازیل کے اراکین باقاعدگی سے ڈیوٹیاں دیتے رہے۔ اسی طرح کینیڈا سے آئے ہوئے مکرم زاہد خورشید صاحب اور ان کی اہلیہ محترمہ نے بھی رضا کارانہ طور پر خدمات سرانجام دیں۔

نمائش میں ۵۰؍سے زائد سٹالز لگائے گئے جن میں یہودیت، عیسائیت، ہندو مذہب، بہائی مذہب اور دیگر مذاہب کے نمائندہ گروہ شامل تھے۔ اسلام کی نمائندگی میں جماعت احمدیہ کے ساتھ سنی اور شیعہ کمیونٹیز کے سٹالز بھی موجود تھے۔ مختلف پس منظر رکھنے والے افراد ہمارے سٹال پر آتے رہے جن میں مسلمان بھی شامل تھے۔ حضرت مسیح موعودؑ کی تصویر نہایت توجہ کا باعث بنی اور لوگ نہ صرف رک کر دیکھتے بلکہ سوالات بھی کرتے۔ متعدد افراد نے قرآن کریم اور لٹریچر خریدا اور مسجد کے دورہ کی خواہش کا اظہار کیا۔
۲۱؍ستمبر کو ایک عوامی لیکچر بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر سٹیج پر بھی حضرت مسیح موعودؑ کی تصویر آویزاں کی گئی۔ تلاوتِ قرآن کریم کے بعد اسلام اور جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا گیا اور حضرت عیسیٰؑ کی وفات اور مسیح کی آمدِ ثانی کے متعلق اسلامی پیشگوئیوں کی جامع وضاحت کی گئی۔ سامعین کے سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔ دورانِ نمائش نمازِ جمعہ اور دیگر نمازیں وہیں ادا کی گئیں جنہیں کئی زائرین نے مشاہدہ کیا۔ تعارفی پمفلٹس کی تقسیم بھی جاری رہی۔
آخری روز ریو دی جانئیرو کے مرکزی پادری Cardeal Orani Tempesta نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور جماعت احمدیہ کے سٹال کا دورہ بھی کیا۔ سابقہ برسوں کی طرح ان کے ساتھ خوشگوار گفتگو ہوئی اور اسلامی لٹریچر کے تبادلے کی روایت کا ذکر ہوا۔
اللہ تعالیٰ اس ادنیٰ کاوش کو قبول فرمائے اور ہمیں مزید اسلام احمدیت کا پیغام دنیا کے کناروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: وسیم احمد ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: ساؤتومے میں معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر ایک کانفرنس میں جماعت احمدیہ کی شرکت




