جماعت احمدیہ مالٹا کے ساتویں جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے جماعت احمدیہ مالٹا کو مورخہ ۱۹؍اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز اتوار اپنا ساتواں جلسہ سالانہ ’’ذکرِالٰہی‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذلک

امسال بھی جماعت احمدیہ مالٹا کو ایک بار پھر حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خصوصی شفقت فرماتے ہوئے اپنے محبت بھرے پُرمعارف پیغام سے نوازا۔ جلسہ کا آغازصبح دس بجے خاکسار (مبلغ سلسلہ وصدر جماعت احمدیہ مالٹا) کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت و نظم کے بعدخاکسار نے حضورِ انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جماعت احمدیہ مالٹا کے نام موصولہ پیغام پڑھ کر سنایا۔

جلسہ سالانہ کے دوران انگریزی اور اردو زبان میں کل چھ تقاریر اور دو ڈاکومنٹریز پیش کی گئیں۔ اسی طرح دورانِ سال جماعت احمدیہ مالٹا کی کاوشوں کی ایک جھلک پر مبنی پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی۔ جلسہ سالانہ کے موقع پر دو بچوں کی تقریب آمین بھی ہوئی اور انہیں انعامات دیے گئے۔ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم کے ساتھ جلسہ سالانہ کے موقع پر ایک بیعت بھی ہوئی۔
جلسہ سالانہ پر کی جانے والی تقاریر کے موضوعات یہ تھے: دہریہ معاشرے میں خدا کی تلاش۔ آنحضرت ﷺ کا عجزو انکسار اور سادگی۔ جہاد بالقلم۔ تبلیغ ہمارا فرض۔ نظام جماعت کی برکات۔ تمہارے لیے ممکن نہیں کہ مال سے بھی محبت کرو اور خدا سے بھی اور ذکرِ الٰہی۔
جلسہ سالانہ کا اختتام دعاکے ساتھ ہوا۔جلسہ کی حاضری ۳۰ تھی۔ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل واحسان اور پیارے آقا کی دعاؤں کی برکت سے یہ جلسہ ہر لحاظ سے کامیاب رہا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ایمان، اخلاص، وفا، نیکی،تقویٰ اور پاکیزگی میں بڑھاتا چلا جائے۔ آمین
(رپورٹ: لئیق احمد عاطف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے جلسہ سالانہ مالٹا ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم
پیارے احباب جماعت احمدیہ مسلمہ مالٹا
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا ساتواں جلسہ سالانہ ۱۹؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو کامیابی سے ہمکنار کرے اور آپ سب کو بے پناہ برکتیں عطا فرمائے اور آپ کو ہمارے دین اسلام اور ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور راہنمائی کے بارے میں علم و فہم میں اضافہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اگر ہم ایک ہی فقرے میں جلسہ سالانہ کا حقیقی مقصد جو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے بیان فرمایا ہےسمجھیں تو وہ ہے ’’تقویٰ کی راہ پر چلنا‘‘۔ یہ کہہ کر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمیں ایک بہت بڑا سبق سکھایا ہے کہ اگر اس پر عمل کیا جائے تو ہم اپنی زندگی میں حقیقی تبدیلی لا سکتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم دنیا کو مکمل طور پر ترک کر دیں اور سب سے مکمل طور پر تعلقات منقطع کر لیں۔ بلکہ اس دنیا میں رہتے ہوئے اور اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے ہمیں نیکی کی راہ پر گامزن رہنا چاہیے اور کوئی دنیا پرستی ہمیں اس مقصد سے دور رکھنے والی نہ ہو۔
ہر احمدی کو عہد کرنا چاہیے کہ وہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بعثت کے مقصد کو پورا کرنے کے لیے انتھک محنت کرے گا۔ وہ مقصد اول یہ ہے کہ بنی نوع انسان کو اپنے خالق، ایک خدا کو پہچاننے اور اس کی عبادت کرنے کی دعوت دینا، اور دوم، اپنے انسانوں کے حقوق کو پورا کرنا، تاکہ دنیا میں امن اور ہم آہنگی قائم ہو۔
میں آپ کو اللہ تعالیٰ کے ساتھ ذاتی تعلق قائم کرنے اوربہترین احمدی مسلمان بننے کی کوشش کرنے کی ترغیب دیتا ہوں۔ اپنی پنجگانہ نمازیں پابندی سے اور باجماعت ادا کریں، دعائیں بہت کریں اور اپنے دلوں میں مسلسل اللہ کا ذکر کرتے رہیں۔
اس سلسلے میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایاہے:
’’انسان کو چاہئے کہ روحانی پانی کو تلاش کرے تو وہ اسے ضرور پالے گا۔ اور روحانی روٹی کو ڈھونڈے تو وہ اسے ضرور دی جائے گی۔ جیسا کہ ظاہری قانون قدرت ہے ویسا ہی باطن میں بھی قانون قدرت ہے لیکن تلاش شرط ہے جو تلاش کرے گا وہ ضرور پالےگا۔ خدا تعالیٰ کے ساتھ تعلق پیدا کرنے میں جو شخص سعی کرے گا خدا تعالیٰ اس سے ضرور راضی ہوجائے گا۔‘‘(ملفوظات جلد ۱۰صفحہ ۹۵)
آپ کو اپنی بیعت کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے اور اپنی روحانی حالت کو بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ وہ معیار حاصل کیے جا سکیں جس کی امید حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنی جماعت کے افراد سے رکھی تھی۔ صرف اسی صورت میں آپ جلسہ کے مقصد کو حاصل کرنے والے ہوں گے جب آپ اپنے ذاتی طرزِ عمل اور کردار کا جائزہ لیتے رہیں گے اور مثالی احمدی مسلمان بننے کی کوشش کریں گے۔
میں آپ کو خلافت احمدیہ کی اہمیت و برکات کی طرف توجہ دلاتا ہوں جو بے شمار نعمتوں کا سرچشمہ ہے۔ آپ کو خلیفۃ المسیح کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کرنا چاہیے اور ہمیشہ وفادار رہنا چاہیے۔ آپ کو باقاعدگی کے ساتھ ایم ٹی اے دیکھنا چاہیے اور میرے خطبات جمعہ کو باقاعدگی سے سننا چاہیے اور دیگر تقریبات اور مواقع پر میری بیان کی گئی باتوں پر بھی عمل کریں۔
میں ہر فردِ جماعت کو تبلیغی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے کی طرف توجہ دلاتا ہوں۔ آپ کو باقاعدہ پروگرام ترتیب دینا چاہیے اور سمجھداری سے منصوبہ بندی کرنی چاہیے، مالٹا کے تمام لوگوں تک اسلام کے پرامن اور محبت بھرے پیغام کو پہنچانے کے لیے ہمیشہ نئے طریقوں اور ذرائع کی تلاش میں رہنا چاہیے۔ اللہ آپ کو اس نیک کام میں کامیابی عطا فرمائے۔ اللہ آپ سب پر اپنا فضل فرمائے۔
مزید پڑھیں: اٹلی میں نیشنل وقفِ نو اجتماع ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد



