امریکہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ میں فضل عمر قائدین کانفرنس و اطفال ریفریشر کورس کا انعقاد

معتمد مجلس خدام الاحمدیه امریکہ

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ۳۱ویں فضل عمر قائدین کانفرنس اور ۱۷ویں اطفال ریفریشر کورس کا انعقاد ۱۴تا۱۶؍نومبر ۲۰۲۵ء کو کیا گیا۔

پروگرام کا آغاز جمعہ کے روز تلاوت قرآن کریم اور خدام کے عہد سے ہوا جس کے بعد مکرم عبد اللہ ڈبا صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ نے افتتاحی تقریر کی اور اس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی جانب سے مقرر کردہ سال کے مرکزی موضوع ’’حيَّ علىٰ الفلاح‘‘ پر روشنی ڈالی جو کہ پورے پروگرام کا مرکز رہا۔ پروگرام کے دوران مختلف موضوعات پر کئی ورکشاپس اور پریزنٹیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ ان موضوعات میں مختلف تقریبات کا انتظام کرنا، منظم رہنے کے طریق، قائد اور زعیم بطور مثالی کردار، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ حالیہ گروپ ملاقاتیں، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور انفرادی رابطے کرنے کے راہنما اصول شامل تھے۔ تمام پروگرامز میں سوال و جواب کا حصہ بھی شامل تھا۔

ایک خصوصی نشست مکرم صدر صاحب کے ساتھ منعقد کی گئی جس میں انہوں نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ ہونے والی امریکی خدام کی اجتماعی ملاقاتوں کے تجربات اور تاثرات کا ذکر کیا۔ ہفتے کے روز بعد دوپہر مکرم منعم نعیم صاحب سابق صدر مجلس کے ساتھ ایک نشست منعقد ہوئی جس میں انہوں نے اپنی قیادت کے راہنما اصولوں پرگفتگو کی۔ ہفتے کی شام کو مکرم اعجاز خان صاحب کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں انہوں نے خلفائے احمدیت کے ساتھ گزرے اپنے وقت میں سے متعدد ایمان افروز واقعات بیان کيے۔ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی مکرم صدر مجلس کے ساتھ مختلف ریجنز کے عہدیداران کی میٹنگز کاانعقاد کیا گیا جو کہ کھانے کے دوران جاری رہتی اور عہدیداران کو بے تکلف ماحول میں مختلف امور پر راہنمائی حاصل کرنے کا موقع ملتا۔

اس کے ساتھ ساتھ اطفال ریفریشر کورس میں بھی مختلف موضوعات پر پروگراموں کا انعقاد کیا گیا جن کا تعلق مجلس اور ریجن کی سطح پر پیش آنے والی مختلف مشکلات اور کامیابیوں سے تھا۔ ناظمین اور مربیان اطفال کے لیے ایسی سرگرمیاں ترتیب دی گئیں جن میں انہیں مؤثر قیادت کے اصول اور مسائل کے حل کے طریق سکھائے گئے جن میں اطفال عاملہ، ریجنل سطح پر انتظامات، پروگراموں کا انعقاد کرنے کے اصول اور مکرم صدر مجلس کے ساتھ سوال و جواب کا اجلاس شامل تھے۔ اس کے علاوہ اطفال ٹریکر ویب سائٹ سے متعلق ایک ورکشاب کا انعقاد بھی کیا گیا۔ تمام پروگراموں میں شاملین کی بھرپور شرکت رہی۔

امسال فضل عمر قائدین کانفرنس میں ۱۲؍زعماء حلقه جات، ۴۴؍قائدین مجالس، ۱۰؍ریجنل قائدین، اور ۲۸؍نیشنل عاملہ کے اراکین نے شرکت کی۔ اطفال ریفریشر کورس میں ۲۸؍ناظمین اطفال، ۷؍ریجنل ناظمین اطفال، ۱۴؍مربیان اطفال، ۷؍ریجنل مربیان اطفال اور ۱۹؍اطفال نیشنل عاملہ کے اراکین کی نمائندگی ہوئی۔ مختلف شعبہ جات کے تحت رضاکاروں کی کل تعداد ۸۰؍سے زائد تھی اور مہمانوں کی تعداد ۵؍تھی۔ مجموعی حاضری ۲۵۷؍رہی۔ الحمدللہ

اللہ تعالیٰ ان سب کو جزائے خیر عطا فرمائے اور بہترین انداز میں خدمت دین بجا لانے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: سید رضا احمد۔معتمد مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ)

مزید پڑھیں: جامعہ احمدیہ انڈونیشیا کے طلبہ کا سالانہ پیدل سفر

Related Articles

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button