افریقہ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ گیمبیا کے اٹھارھویں نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ گیمبیا کو اپنا ۱۸واں نیشنل سالانہ اجتماع مورخہ ۲۸تا۳۰؍نومبر ۲۰۲۵ء کو لوئر ریور ریجن میں قائم جماعت احمدیہ کے سکول طاہر احمدیہ سینئر سیکنڈری سکول مانساکونکو میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

اجتماع کی تیاری کے سلسلہ میں تمام ریجنل ناظمین انصاراللہ کو قبل از وقت اطلاع کردی گئی تھی۔ اسی طرح مجلس انصاراللہ کی نیشنل عاملہ نے اجتماع سے کچھ روز قبل تمام ملک کا دورہ کیا اور دوران دورہ بعض مجالس میں اجتماع کے حوالے سے اجلاسات منعقدکيے۔ اسی طرح اجتماع کی انتظامیہ اور صدر صاحب مجلس انصار اللہ گیمبیا مکرم کیمو سونکو صاحب اجتماع سےایک دن قبل ہی آگئے تھے۔

اجتماع کا پہلا روز: جمعہ کی صبح سے باقاعدہ انصار اجتماع کے ليے پہنچنا شروع ہوگئے۔ اس سلسلہ میں ایک بڑی بس ہیڈکوارٹر بانجل/کومبو سے جمعہ کی صبح انصار کو لے کر آئی۔ باقی احباب اپنے اپنے انتظام کے تحت اجتماع گاہ پہنچے۔

دوپہر ایک بجے تمام احباب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ ہال میں براہ راست سنا۔ نماز جمعہ وعصر جمع کرکے ادا کی گئیں۔ مکرم محمود احمد طاہر صاحب مبلغ انچارج نے خطبہ جمعہ میں انصاراللہ کے عہد پر عمل کرنے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے قرآنی آیات، احادیث اور حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات کی روشنی میں تفصیل بیان کی۔

اجتماع کی افتتاحی تقریب سہ پہر ساڑھےپانچ بجے ہوئی جس کی صدارت صدر مجلس انصار اللہ گیمبیا نے کی۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد نصا ئح کرتے ہوئے آپ نے اطاعت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اجتماع میں آنے والے غیرازجماعت مہمانوں نے وقت کی مناسبت سے اظہار خیال کیا۔ ریجنل آفس فائر سروس کے نمائندہ نے کہا کہ ہم جماعت احمدیہ، طاہر سکول، پرنسپل اور نائب پرنسپل کے بہت ممنون ہیں کہ انہوں نےہمیشہ ہماری مدد کی اور ہمیں مفت کمپیوٹر کلاسیں بھی دیں۔ قریبی گاؤں کے چیف امام ابراہیم سیڈیکان صاحب نے کہا کہ جماعت احمدیہ اور طاہر سکول ہمیشہ سے ہمارے دوست رہے ہیں اور اس علاقہ میں امن و محبت کے علمدار ہیں۔ پولیس کمشنر کے نمائندہ نے کہا کہ ہم بھی جماعت احمدیہ کی خدمات کے باعث جماعت کے شکرگزار ہیں۔ محکمہ تعلیم کے ریجنل ڈائریکٹر مکرم موموڈو جی جالو نے کہا کہ جماعت احمدیہ نہ صرف مذہبی بلکہ دنیاوی تعلیم میں سنگ میل عبور کررہی ہے اور یہی بات جماعت کی کامیابی اور ترقی کا راز ہے۔

افتتاحی اجلاس کے بعد نماز مغرب وعشاء جمع کرکے ادا کی گئیں۔ نمازوں کے بعدایک مجلس صحت عامہ کے حوالے سےہوئی جس میں واقف زندگی ڈاکٹر مکرم فاتح الدین احمد صاحب نےان بیماریوں کے حوالے سے بیان کیا جن کا سامنا انصار کو زیادہ تر رہتا ہے، جیسے بلڈ پریشر وغیرہ۔ پھر شاملین کو سوالات کرنےکا موقع دیا گیا۔

دوسرا روز:اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ اس کے علاوہ ہر روز بعد نماز فجر درس قرآن اور بعد نماز مغرب وعشاء درس ملفوظات وحدیث ہوا۔

دوسرے دن کے اجلاس کا آغاز صبح ساڑھے نو بجے ہوا جو تلاوت قرآن کریم اور نظم سے شروع ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت مکرم ابوبکر نیابلی صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ و پرنسپل طاہر احمدیہ سینئر سیکنڈری سکول نے کی۔ نظم کے بعد مکرم فابکرے کلے صاحب نے ’قیام امن میں انصار کا کردار‘کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعدغسل میت و نماز جنازہ کے مسائل پر ایک سیمینار ہوا جس میں تینوں مقامی زبانوں میں فقہی مسائل بیان کيے گئے۔ آخر پر حاضرین کو سوالات کا موقع بھی دیا گیا۔

بعد از سیمینار انصار کے علمی مقابلہ جات شروع ہوئے جوکہ دو گھنٹے جاری رہے۔ ان مقابلوں میں تلاوت قرآن کریم، حفظ قرآن، عہد انصاراللہ، لٹریچر متعلق آمد مسیح اور دینی معلومات شامل تھے۔ اس کے بعد نماز ظہر وعصر جمع کرکے ادا کی گئیں۔ کھانے کے بعد ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیاجوکہ مغرب تک جاری رہے۔ ان مقابلوں میں پیغام رسانی، میوزیکل چیئرز، پنجہ آزمائی و دیگر شامل تھے۔ بعد از نماز مغرب وعشاء نیشنل مجلس شوریٰ کا انعقاد ہوا۔ اس بار مجلس شوریٰ میں صدر مجلس انصار اللہ گیمبیا کے انتخاب کی کارروائی بھی عمل میں آئی۔

تیسرا روز:اجتماع کے تیسرے روز نمازتہجد و فجر کے بعد اختتامی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت مکرم محمود احمد طاہر صاحب نائب امیر و مبلغ انچارج نے کی۔ تلاوت کے بعد مکرم صدر صاحب انصاراللہ نے اجتماع کی مختصر رپورٹ پیش کی جس میں آپ نے تمام منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد پوزیشن لینے والے انصار کو انعامات دیے گئے۔ اس کے بعد مکرم صدر اجلاس نے اختتامی کلمات میں اجتماع میں شمولیت کی اہمیت کی طرف توجہ دلائی اور انصاراللہ کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی اور پھر اختتامی دعا کروائی۔ دعا کے بعد گروپ فوٹو ہوئی۔ بعد از تقریب ناشتہ پیش کیا گیا۔ ناشتہ کے بعد تمام شاملین اپنی منزلوں کی طرف روانہ ہوئے اور اللہ کے فضل سے بخیرت اپنے گھر پہنچے۔ الحمدللہ

حاضری و میڈیا کوریج:ایم ٹی اے گیمبیا نے اجتماع کے تینوں دن تمام پروگرام ریکارڈ کيے۔

اس اجتماع کے موقع پر نومبائعین بھی شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ غیر از جماعت احباب اورمتعدد نامور شخصیات بھی شامل ہوئیں جن کا ذکر اوپر کردیا گیا ہے۔ امسال قریبی ملک سینیگال سے بھی تین افراد پر مشتمل انصار اللہ کا وفد اجتماع میں شمولیت کے ليے آیا جس میں سینیگال کے نائب صدر مجلس انصاراللہ بھی شامل تھے۔

اجتماع کی حاضری اس سال ۳۰۲؍رہی۔ الحمدللہ

اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے دوررس نتائج پیدا فرمائے اور ہم سب کو احمدیت کے ساتھ جوڑے رکھے۔ آمین

(رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ برکینا فاسو کی مجلس شوریٰ ۲۰۲۵ء

Related Articles

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button