ساؤ تومے میں پروگرام عطیہ خون
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ ساؤتومے کو سنٹرل ہسپتال میں عطیہ خون کا ایک پروگرام کرنے کی توفیق ملی۔ ہسپتال انتظامیہ نے خاکسار (صدر جماعت و مبلغ سلسلہ) کو فون کیا کہ ہسپتال کے بلڈ بینک میں خون بالکل نہیں ہے، اس ليے خدام اگر خون عطیہ کر دیں تو ان کی پریشانی کم ہو جائے گی۔ لہٰذا فوری طور پر مورخہ۲۲؍نومبر ۲۰۲۵ء کو عطیہ خون کا پروگرام کیا گیا۔ کل۳۲؍خدام کو ۲۵؍بوتلیں خون عطیہ کرنے کی توفیق ملی۔

سنٹرل ہسپتال کی انتظامیہ نے جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے آفیشل پیج پرتصاویر سمیت یوں پوسٹ شیئر کی:ہسپتال ڈاکٹر آئرس ڈی مینیز جماعت احمدیہ کا ۲۲؍نومبر ۲۰۲۵ء کو خون کے عطیہ کے مثالی اقدام کے لیے تہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے۔
جماعت احمدیہ نے نہ صرف ۳۲؍خدام کے ذریعے یکجہتی اورخدمت انسانیت کا جذبہ اجاگر کیا بلکہ خون کی ۲۵؍بوتلیں جمع کیں جوہمارے بہت سے مریضوں کے لیے امید اور زندگی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اس طرح کے اقدامات سے ہمارے ملک کی صحت عامہ پر ہونے والے حقیقی اثرات کو تقویت ملتی ہے۔
ہسپتال انتظامیہ اس شراکت داری کو تسلیم کرتےہیں اور اس کی گہری قدر کرتے ہیں، جو اتحاد، سماجی ذمہ داری اور مشترکہ بھلائی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ایک سابق ممبر نیشنل اسمبلی نے لکھا کہ جماعت احمدیہ ہمارے ملک کے ليے ایک نعمت ہے۔ کیپٹل کے ميئر نے لکھا کہ جماعت کا یہ قدم قابل تحسین ہے۔ اللہ خدام کو جزا دے۔ اس کے علاوہ بھی بہت سے ممبران پارلیمنٹ، ميئرز اور ڈپلومیٹس نے جماعت احمدیہ کی اس خدمت انسانیت کو سراہا۔
اللہ تعالیٰ جماعت کو مزید ترقیات سے نوازےاور ہم سب کو مقبول خدمت کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین
(رپورٹ:انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: آئیوری کوسٹ کے ریجن سینفرا میں پیس سمپوزیم کا انعقاد




