ایشیا (رپورٹس)

جامعہ احمدیہ انڈونیشیا کے طلبہ کا سالانہ پیدل سفر

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعہ احمدیہ انڈونیشیا نے پیدل سفر ۲۰۲۵ء کا سالانہ تربیتی پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔ اس پروگرام میں آخری سال کے ۱۷؍طلبہ نے تین دن میں مجموعی طور پر ۱۶۵؍کلومیٹر کا طویل سفر طے کیا جو کیمپس مبارک پارونگ (Kampus Mubarak, Parung) سے شروع ہوکر سِندنگ براِنگ بوگور(Sindang Barang, Bogor)، پھر لنتنگ آگونگ جکارتہ (Lenteng Agung, Jakarta) تک گیا اور آخر میں دوبارہ کیمپس مبارک(Kampus Mubarak, Parung) پر ختم ہوا۔

یہ پروگرام۲۱تا ۲۳؍اکتوبر کوہوا تھا۔ ۲۱؍اکتوبر کو صبح ساڑھے تین بجے دعا اور مختصر تقریر کے ساتھ یہ سفر شروع ہوا جس کی قیادت پرنسپل جامعہ مکرم معصوم احمد شاہد صاحب نے کی۔ طلبہ کو آٹھ گروپس میں تقسیم کرکے مرحلہ وار روانہ کیا گیا، جبکہ ۱۶؍رکنی انتظامیہ کی ٹیم(چھ موٹرسائیکلوں اور ایک گاڑی کے ساتھ)راستے بھر نگرانی، حفاظت اور خوراک کی فراہمی پر مامور رہی۔

پہلا دن: شرکا نے ۵۵؍کلومیٹر کا سفر طے کرتے ہوئے مسجد مبارک، سِندنگ براِنگ تک رسائی حاصل کی۔

دوسرا دن: دوسرے روز طلبہ نے لنتنگ آگونگ کی طرف سفر جاری رکھا۔ راستے میں پندرہ مقامات پر پانی، پھل اور ہلکی غذاؤں کا انتظام کیا گیا تھا۔ چیبینونگ اور دیپوک کے علاقوں میں بارش نے راستہ پھسلن بھرا بنا دیا، تاہم تمام شرکا رات تک بحفاظت اپنی منزل تک پہنچ گئے۔

تیسرا دن: تیسرے دن کا مرحلہ سب سے زیادہ آزمائشی ثابت ہوا۔ چھالوں بھرے قدم اور تھکی ہوئی توانائیاں لیے طلبہ نے واپسی کا سفر اختیار کیا اور آخرکار کیمپس مبارک پہنچ کر پروگرام مکمل کیا۔ اختتامی مقام پر اساتذہ، طلبہ، مقامی جماعت اور انتظامیہ نے شرکاء کا استقبال کیا۔

اللہ تعالیٰ اس سفر کو اپنی رضا کا موجب بنائے اور تمام شرکاء کو اپنی قربت اور خاص فضل سے نوازے۔ آمین

(رپورٹ:احسان قمر الزمان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جرمنی کے شہر کاسل میں اہل عرب کے ساتھ ایک خصوصی تبلیغی نشست

Related Articles

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button