مجلس انصاراللہ انڈونیشیا کا نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء
اللہ تعالیٰ کے فضل سے پورے انڈونیشیا کے مختلف صوبوں اور متعدد مجالسِ عاملہ سے تعلق رکھنے والے انصار نے مورخہ یکم و۲؍نومبر کو تانگیرانگ کے علاقے گوندرونگ کینانگا (Gondrong Kenanga, Tangerang) میں منعقد ہونے والے اجتماع انصار اللہ انڈونیشیا ۲۰۲۵ء میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔

یہ اجتماع جماعت احمدیہ انڈونیشیا کے ۱۰۰؍سالہ تشکرانہ پروگرام کا ایک اہم حصہ تھا جس کا مقصد خدمتِ خلق، تنظیمی مضبوطی اور باہمی بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔
اس اجتماع میں تربیتی پروگراموں کے ساتھ ساتھ مختلف کھیلوں، علمی مقابلوں اور بین المجالس سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ جنہوں نے شرکاء کے جذبے کو مزید ابھارا اور اُن کے درمیان صحت مند مقابلے کی فضا قائم کی۔ اراکین نے نہ صرف اپنی تنظیمی مہارتوں کا اظہار کیا بلکہ جماعتی وابستگی اور نظم و ضبط کی اعلیٰ مثالیں بھی پیش کیں۔

اجتماع کے افتتاحی اجلاس سے تقریر کرتے ہوئے صدر انصار اللہ انڈونیشیا مکرم وان وان روستی وان صاحب نے کہا کہ انصار اللہ کے ہر رکن پر لازم ہے کہ وہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کرے اور خدمتِ انسانیت کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے۔
اجتماع کے دوسرے روز امیرِ جماعت احمدیہ انڈونیشیا، مکرم ذکی فردوس شاہد صاحب نے اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ کے اراکین میں فکری و عملی تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا۔
اجتماع مجلس انصار اللہ ۲۰۲۵ء نہ صرف تنظیمی تربیت کا مرکز ثابت ہوا بلکہ اس نے ہزاروں شرکاء کے درمیان بھائی چارے، اتحاد اور خدمتِ دین کے جذبے میں بھی نئی جان ڈالی۔ اراکین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی جماعت، قوم اور ملک کی خدمت کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کریں گے۔
دعا کے ساتھ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمدللہ
(رپورٹ:احسان قمر الزمان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)




