آئیوری کوسٹ کے ریجن سینفرا میں پیس سمپوزیم کا انعقاد
مکرم وارث علی صاحب مبلغ سلسلہ سینفرا تحریر کرتے ہیں کہ آئیوری کوسٹ میں ہر سال ۱۵؍نومبر کا دن قومی امن کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے جس دوران آئیوری کوسٹ کے مختلف اضلاع میں جماعتی طور پر بھی امن کانفرنسز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ امسال بھی سینفرا ریجن میں مجلس خدام الاحمدیہ کے تحت اس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں بلاامتیاز ہر قوم و ملت کو مدعو کیا جاتا ہے۔ امسال ریجن کے نائب گورنر برائے کوئے تینفلا کی خواہش پر کانفرنس کو سینفرا شہر سے ۱۳؍کلومیٹر دُور اسی قصبہ کوئے تینفلا میں منعقد کیا گیا۔

کانفرنس کا آغاز صبح نو بجےتلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور قصیدہ سے ہوا۔ بعد ازاں خاکسار (ریجنل مبلغ سینفرا) نے جماعت احمدیہ کا تعارف شرکا کے سامنے پیش کیا جس کے بعد مکرم داکی ساگا ہارون صاحب نےاتحاد و محبت کی اہمیت کے موضوع پر ایک تقریر کی۔ مختلف مقامی غیر از جماعت ائمہ مساجد اورگاؤں کے چیف صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جس کے اختتام پر سوال و جواب کا اجلاس بھی ہوا۔ آخر میں نائب گورنر صاحب نے ایک مختصر تقریر کی اور جماعت احمدیہ سینفرا کا شکریہ ادا کیا کہ اِس سال امن کانفرنس کا انعقاد ان کی خواہش پر ان کے علاقہ میں کیا گیا۔ غیراحمدی ائمہ اور مختلف قبائل کے چیفس نے اس کانفرنس کے انعقاد کو بہت سراہا اور جماعت احمدیہ کو مبارک باد بھی دی اور جماعتی امن کے پیغام سے متاثر ہو کر اس قصبہ میں ایک احمدیہ جامع مسجد، سکول اور کلینک کی تعمیر کی بھی درخواست کی۔ اس کانفرنس میں ۱۲۰؍افراد نے شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ اس کانفرنس کے دُوررس اثرات مرتب فرمائے نیز آئیوری کوسٹ اور دنیا میں امن کے سامان پیدا کرے۔ آمین
(رپورٹ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭




