جرمنی کے شہر کاسل میں اہل عرب کے ساتھ ایک خصوصی تبلیغی نشست
مکرم خالد بوخاتم صاحب سیکرٹری تبلیغ جماعت احمدیہ کاسل، جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۳؍نومبر ۲۰۲۵ء کو جماعت احمدیہ کاسل کی طرف سے عربی زبان بولنے والے غیر از جماعت احباب کے لیے ایک خصوصی تبلیغی پروگرام منعقد کیا گیا۔ الحمدللہ، اس پروگرام میں ۲۲؍زیرتبلیغ عرب مہمانوں نے شرکت کی۔

اس پروگرام کا بنیادی مقصد خوشگوار اور باوقار ماحول میں مکالمے کو فروغ دینا، غلط فہمیوں کا ازالہ کرنا، اسلام کی حقیقی اور پُرامن تعلیم اور حضرت مسیح موعودؑ کا پیغام پہنچانا اور انہیں حقیقی اسلام کی طرف دعوت دینا تھا۔
تقریب ایک مختصر استقبالیہ سے شروع ہوئی۔ مہمانوں کا فرداً فرداً استقبال کیا گیا اور اُنہیں ہال تک لے جایا گیا۔ ابتدا ہی سے ماحول نہایت پُر احترام اور دوستانہ تھا اور کئی مہمان شروع سے ہی گہری دلچسپی کا اظہار کر رہے تھے اور مسجد کو دیکھ کر خوش ہو رہے تھے۔ اس پروگرام کی صدارت مکرم حفیظ اللہ بھروانہ صاحب استاد جامعہ احمدیہ و انچارج عربی ڈیسک جرمنی نے کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم ماذن عقلۃ صاحب نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا۔ بعد ازاں درج ذیل موضوعات پر عربی زبان میں تفصیلی گفتگو ہوئی: آنحضرتﷺ کی پیشگوئیوں کی روشنی میں مسلمانوں کی موجودہ حالت، حضرت عیسیٰؑ کی وفات کا مسئلہ، آمد مسیح سے متعلق پیشگوئیوں کی تکمیل اور عصرِ حاضر میں روحانی تجدید اور اصلاح کی ضرورت۔
اس کے بعد مہمانوں نے سوالات کيے تاکہ بیان کردہ نکات کو مزید بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
مہمانوں کے تاثرات:مہمانوں کی مجموعی رائے نہایت مثبت رہی۔ خاص طور پر درج ذیل باتوں کو بہت سراہا گیا: مکالمے کے لیے دوستانہ ماحول کا اہتمام، عربی زبان میں براہِ راست گفتگو کی سہولت اور جماعت کی پُر خلوص مہمان نوازی۔
کئی مہمان پروگرام کے اختتام کے بعد بھی رکے رہے اور مزید سوالات کرتے رہے۔ ایک مہمان نے خاص طور پر اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ باقاعدگی سے ہماری مسجد میں جمعہ کی نماز ادا کیا کریں گے۔
اللہ تعالیٰ اس تبلیغی سعی کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اورزیرتبلیغ شاملین کو راہِ حق کی طرف ہدایت دے۔ آمین
(رپورٹ:صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: گیمبیا کے بانجل/کومبو ریجن اور لوئر ریور ریجن کے ریجنل اجتماعات لجنہ اماءاللہ




