لجنہ اماءاللہ اٹلی کا سالانہ نیشنل ریفریشر کورس ۲۰۲۵ء
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماءاللہ اٹلی کو اپنا سالانہ نیشنل ریفریشر کورس مورخہ ۲۲؍نومبر ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ جماعت احمدیہ اٹلی کے مرکز بیت التوحید میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ پروگرام کا آغاز صبح ۱۱؍بجے تلاوتِ قرآن کریم مع اردو ترجمہ اور عہد لجنہ اماءاللہ کے ساتھ ہوا۔ اس بابرکت کورس میں نیشنل اور مقامی عاملہ کی ممبرات نے بھرپور شمولیت اختیار کی۔

کورس کے آغاز میں نیشنل صدر لجنہ اماءاللہ اٹلی مکرمہ سمیرا طارق صاحبہ نے حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کے ۱۹۳۸ء کے خطاب سے ۱۶؍اہم نکات پیش کیے جو اجتماع خدام الاحمدیہ میں بیان فرمائے گئے تھے۔ اِن نکات کے ذریعے ممبرات کو انفرادی و جماعتی ترقی کے اصولوں سے روشناس کروایا گیا۔
صدر صاحبہ نے ’’ٹائم مینجمنٹ‘‘ پر ایک مؤثر پریزنٹیشن پیش کی تاکہ لجنہ ممبرات اپنے وقت کو بہتر انداز میں استعمال کر سکیں۔
جنرل سیکرٹری لجنہ اماء اللہ مکرمہ انیقہ صباء صاحبہ نے ’’Artificial Intelligence سیکھنے کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر مفصل گفتگو کی اور مجلس عاملہ کی ذمہ داریوں اور اختیارات کو پڑھ کر سنایا۔
مختلف شعبہ جات (جنرل سیکرٹری، تبلیغ، تربیت، تعلیم، مال، ناصرات، صنعت و دستکاری، اشاعت، ضیافت وغیرہ) کی سیکرٹریان نے اپنی ذمہ داریوں، اہداف، طریقہ کار اور رپورٹنگ کے اصولوں پر پریزنٹیشنز پیش کیں۔
نمازِ ظہر و عصر اور طعام کے وقفے کے بعد پروگرام دوبارہ تلاوتِ قرآن کریم سے شروع کیا گیا۔ ہر شعبہ کی کارکردگی کے بعد تجاویز اور آراء لی گئیں تاکہ آئندہ مزید بہتری لائی جا سکے۔
صدر صاحبہ نے اختتام پر مالی قربانی کی اہمیت کی طرف توجہ دلائی۔ پروگرام کا اختتام دعا اور اس عہد کے ساتھ ہوا کہ تمام ممبرات اللہ تعالیٰ کے فضل سے اپنے فرائض کو مزید خلوص، دیانت اور احسن انداز سے ادا کریں گی۔
اس کورس میں کل ۲۶؍لجنہ ممبرات نے شرکت کی۔الحمدللہ
(رپورٹ:عطاءالواسع طارق۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ سکاٹ لینڈ کا آنحضورﷺ کے اسوۂ حسنہ کے حوالے سے تبلیغی پروگرام




