افریقہ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ سیرالیون کا سالانہ نیشنل اجتماع اور نیشنل مجلس شوریٰ ۲۰۲۵ء

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۸و۹؍نومبر ۲۰۲۵ء کو مجلس انصاراللہ سیرالیون کا اکیسواں نیشنل اجتماع بڑی کامیابی سے دارالحکومت فری ٹاؤن میں مسجد احمدیہ بیت السبوح میں منعقد ہوا۔

اجتماع میں شرکت کرنے کے ليے دُور دراز جگہوں سے جمعۃالمبارک سے انصار آنے شروع ہوگئے تھے اور رجسٹریشن کا آغاز بھی شروع کر دیا گیا۔ اس اجتماع کا مرکزی موضوع ’’اللہ کے ذکر کے ليے قیامِ نماز‘‘ تھا۔ اسی موضوع پر آیات قرآن کریم، احادیث اور حضرت مسیح موعود ؑکے ارشادات پر مبنی مختلف بینرز تیار کیے گئے تھے۔ اسی طرح انصاراللہ کا مفلر لَاغَالِبَ اِلَّا اللّٰہُ کے چھلہ کے ساتھ تیار کروایا گیا تھا جس کو اجتماع کے موقع پر نیشنل عاملہ کے ممبران اور دیگر انصار پہنے ہوئے تھے اور انتہائی دیدہ زیب منظر پیش ہو رہا تھا۔

اجتماع کا آغاز نماز تہجد باجماعت سے ہوا جس کے بعد نماز فجر اور درس القرآن کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے بعد صبح کی سیر کا پروگرام تھا جس میں تمام انصار نے بڑے شوق سے حصہ لیا۔

اجتماع صدر صاحب مجلس انصار اللہ سیرالیون مکرم ڈاکٹر شیخو کمارا صاحب کی زیر صدارت شروع ہوا۔ انہوں نے تلاوت قرآن کریم، نظم اور انصاراللہ کے عہد کے بعد افتتاحی تقریر میں انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف متوجہ کیا اور بتایا کہ اپنی تربیت کے علاوہ نہایت اہم ذمہ داری اگلی نسلوں کو وفا کا درس دینا اور اس پر قائم رہنے کی تاکید سے ہے۔ انہوں نے چندہ مجلس کو شرح کے ساتھ ادا کرنے کی طرف بھی توجہ دلائی۔ مکرم منیر حسین صاحب نائب صدر اوّل انصاراللہ نے بھی انصار کو خلفاء کے ارشادات کی روشنی میں ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جن میں انصار نے بھرپور حصہ لیا۔ ان مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، حفظ القرآن، خطبات امام، قصیدہ، تقریر، پیغام رسانی اور انصاراللہ کا عہد شامل تھے۔

اجتماع کا دوسرا اجلاس مکرم محمد نعیم اظہر صاحب مبلغ انچارج و نائب امیر اوّل کی زیر صدارت ہوا۔ مبلغ انچارج صاحب نے اپنی تقریر میں انصار کو مختلف تربیتی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور سیرالیون میں احمدیت کی تاریخ سے انتہائی ایمان افروز واقعات بیان کيے اورآئندہ نسلوں کی اصلاح کی طرف توجہ دلائی۔ اجتماع میں ورزشی مقابلہ جات بھی ہوئے اور انصار نے بڑی دلچسپی سے ان مقابلوں کو دیکھا اور اُن میں حصہ بھی لیا۔ نماز مغرب وعشاء کی ادائیگی کے بعد مجلس سوال وجواب ہوئی۔

دوسرے دن کا آغاز بھی باجماعت نماز تہجد سے ہوا جس کے بعد درس القرآن کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے بعد اجتماعی ورزش اورصبح کی سیر کی گئی۔ آج کے دن مجلس شوریٰ کا انعقاد کیا گیا۔ نمائندگان نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے مشورے کے ليے منظور شدہ تجاویز پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تین سب کمیٹیاں تربیتی امور کے ليے بنائی گئیں۔ چوتھی سب کمیٹی بجٹ تجاویز کے ليے تھی۔ شوریٰ میں نمائندگان نے ان تجاویز پر خیال آرائی کی اور تمام نمائندگان نے حتمی تجاویز کی تائید کی۔ اس سے پہلے صدر مجلس انصاراللہ اور نائب صدر انصاراللہ صف دوم کا انتخاب بھی کروایا گیا۔

اجتماع کا اختتامی اجلاس مکرم الحاج موسیٰ میوہ صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون کی زیر صدارت ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے علمی و ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشنز لینے والوں میں انعامات تقسیم کیے اور اختتامی تقریر بھی کی۔ آپ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں جماعت کی ترقی میں انصار کے کردار کے حوالے سے بتایا کہ آپ کی ذمہ داریاں دو نسلوں کی ہیں اس ليے آپ کو زیادہ محنت کی ضرورت ہے۔ نحن انصار اللّٰہ کا مصداق بنیں اور جماعت احمدیہ کی مضبوطی میں اپنا کردار ادا کریں۔ مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں سیرالیون کے مبلغین اور واقفینِ زندگی کی بے مثال قربانیوں کا ذکر کیا اور انصار کو کہا کہ اسی نمونہ کو آج بھی زندہ رکھیں۔ دعا کے ساتھ انصاراللہ کا اجتماع نہایت کامیاب پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ اجتماع کے آخر پر اجتماعی گروپ فوٹو بھی ہوئی۔ اجتماع کی حاضری ۳۱۰؍تھی۔

مجلس خدام الاحمديہ سيراليون کے تعاون سے اجتماع کے دونوں روز کے اجلاسوں کی يوٹيوب کے ذريعہ لائيو سٹريمنگ کی گئی۔ اندرون اور بيرونِ ملک سے متعدد افراد نے اس کارروائي کو سنا اور ديکھا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ نکھال پاڑہ، بنگلہ دیش میں جلسہ سیرۃالنبی ﷺ کا با برکت انعقاد

Related Articles

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button