جماعت احمدیہ میرپور بنگلہ دیش میں نو مبائعین کے تربیتی اجلاس کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۲۶؍ستمبر ۲۰۲۵ء بروز جمعہ جماعت احمدیہ میرپور، بنگلہ دیش میں نومبائعین اور نومبائعات کے لیے ایک بابرکت تربیتی اجلاس منعقد ہوا۔

پروگرام کا آغاز نماز جمعہ کے بعد سہ پہر تین بجے مکرم حاجی محمود عالم خان صاحب امیر جماعت احمدیہ میرپور کی صدارت میں ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد صدر اجلاس نے دعا کروائی جس کے بعد ایک نظم پیش کی گئی۔ مکرم ابو ذاکر احمد صاحب سیکرٹری تربیت نومبائعین جماعت احمدیہ میرپور نے تقریر کی۔ اس کے بعد شامل ہونے والے تمام نو مبائعین و نو مبائعات کا تعارف کروایا گیا۔
پھر مکرم شاہ محمد نورالامین صاحب نیشنل ایڈیشنل سیکرٹری تربیت نومبائعین نے ایک تربیتی تقریر کی جس میں نومبائعین کو بنیادی دینی تعلیمات، نماز، اطاعتِ خلافت اور جماعتی نظام سے وابستگی کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ اس کے بعد حاضرین کے درمیان سوال و جواب کا مختصر مقابلہ ہوا جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات دیے گئے۔

بعد ازاں مکرم مستفیض الرحمٰن صاحب مبلغ سلسلہ جماعت میرپور نے عبادت، خصوصاً نماز باجماعت کی پابندی اور مالی قربانی کے موضوع پر تقریر کی۔ آخر میں مکرم امیر صاحب نے ایک ایمان افروز تقریر کی اور اختتامی دعا کروائی۔ اس اجلاس میں مکرم امتیاز علی صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ جماعت احمدیہ بنگلہ دیش بھی بطور مہمان شریک تھے۔
اس اجلاس میں کل ۳۵؍نومبائعین اور ۳۰؍نومبائعات نے شرکت کی جبکہ بعض غیر از جماعت دوست اور احمدی احباب بھی شامل ہوئے۔ الحمدللہ
اللہ تعالیٰ ان تمام نومبائعین و نومبائعات کے ایمان و اخلاص میں برکت عطا فرمائے، انہیں خلافتِ احمدیہ کے ساتھ مضبوط تعلق قائم رکھنے کی توفیق دے اور انہیں دین کی خدمت کے لیے قبول فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:نوید الرحمٰن۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: ویٹی کن میں Nostra Aetateکی ساٹھویں سالگرہ کی یادگاری تقریب میں جماعت احمدیہ کی نمائندگی




