اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۱۱؍اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ جماعت احمدیہ نکھال پاڑہ، بنگلہ دیش میں جلسہ سیرۃالنبیﷺ مکرم عبد الاوّل خان چودھری صاحب نیشنل امیر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جلسہ کا آغاز نمازِ مغرب کے بعد تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ پھر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی جس کے بعد ایک اردو نظم پیش کی گئی۔ پھر مکرم شمس الدین بھائیان صاحب صدر جماعت نکھال پاڑہ نے افتتاحی تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم ابوصالح احمد منڈل صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’آنحضرتﷺ کی خدمتِ انسانیت‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے ’’سیرتِ رسولﷺ کا ایک پہلو-شکر گزاری‘‘ پر تقریر کی اور آنحضورﷺ کی اعلیٰ اخلاقی زندگی سے مثالیں پیش کرتے ہوئے شکرگزاری، تواضع اور خدا تعالیٰ کی بے پایاں نعمتوں کے اعتراف کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ایک بنگلہ نظم کے بعد سوال و جواب کا علمی اجلاس منعقد ہوا جس میں حاضرین نے نہایت دلچسپی کے ساتھ سوالات کیے۔ آخر میں مکرم امیر صاحب کی دعا کے ساتھ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ جلسہ میں غیر از جماعت مہمانوں کے علاوہ احمدی مرد و خواتین کی بھی بڑی تعداد نے شمولیت کی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسے کے نتیجہ میں چند بیعتیں بھی عطا ہوئیں۔ الحمدللہ علیٰ ذالک اللہ تعالیٰ ہمیں رسول اللہﷺ کی سیرتِ طیبہ کو حقیقی طور پر اپنانے اور اپنی زندگیوں کو اسوۂ حسنہ کے مطابق ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)