اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ سویڈن کا ۳۶واں دو روزہ سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ ۱۸و۱۹؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو مسجد ناصر، گاتھن برگ میں منعقد ہوا۔ مکرم صلاح الدین یوسف صاحب نائب صدر اوّل کو ناظمِ اعلیٰ اجتماع مقرر کیا گیا۔ انتظامیہ کمیٹی نے مختلف پروگراموں کو حتمی شکل دی۔ مسجد ناصر کو خوبصورت بینرز سے سجایا گیا جن پر خوش آمدید، کلمہ طیبہ اور احادیثِ مبارکہ تحریر تھیں۔ اس تزئین و آرائش سے مسجد کا ماحول نہایت روح پرور منظر پیش کر رہا تھا۔ ۱۷؍اکتوبر سے ملک بھر سے اجتماع میں شرکت کے لیے انصار کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ شعبہ استقبال نے مہمانوں کی رجسٹریشن اور ناشتہ کے انتظام کی بھی ذمہ داری سنبھالی۔ افتتاحی اجلاس:افتتاحی اجلاس مکرم انور رشید صاحب صدر مجلس انصاراللہ سویڈن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ مکرم فاضل احمد شمس صاحب نے پیش کیا۔ بعدازاں صدر مجلس نے عہد دہرایا اور نظم مکرم عامر منیر چودھری صاحب نے پیش کی۔ ناظم اعلیٰ اجتماع نے پروگراموں کی تفصیل بیان کی۔ یہ اجلاس اس لحاظ سے بھی بابرکت تھا کہ اس موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارسال کردہ خصوصی پیغام برموقع نیشنل اجتماع مجلس انصار اللہ سویڈن ۲۰۲۵ء صدر مجلس نے حاضرین کو پڑھ کر سنایا۔ بعد ازاں مکرم منصور احمد صاحب قائد تربیت نے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے پیغام کا سویڈش ترجمہ پیش کیا۔ دعا کے ساتھ یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ مجلسِ شوریٰ:مجلسِ شوریٰ کا پہلا اجلاس ۱۸؍اکتوبر کو اجتماع کے افتتاحی اجلاس کے فوراً بعد منعقد ہوا۔ تلاوتِ قرآن کریم و ترجمہ مکرم نثار یوسف صاحب نے پیش کیا۔ دعا کے بعد مکرم چودھری عطاءالرحمان محمود صاحب قائد عمومی و سیکرٹری مجلس شوریٰ نے ایجنڈا پیش کیا جس پر غور کے لیے دو سب کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ امسال صدر مجلس اور نائب صدر صف دوم کے انتخابات بھی عمل میں آئے۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن کو انتخاب کے لیے اپنا نمائندہ مقرر فرمایا۔ دعا سے آغاز کے بعد انتخاب مکمل ہوا اور اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ رات ساڑھے آٹھ بجے دونوں سب کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے جن کی رپورٹس بعد ازاں رات دس بجے منعقدہ دوسرے اجلاس میں پیش کی گئیں۔ مجلسِ شوریٰ نے ان رپورٹس کی منظوری کے لیے حضور انور کی خدمت میں سفارش پیش کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا۔ ورزشی مقابلہ جات:اجتماع کے دوران انفرادی اور اجتماعی ورزشی مقابلہ جات بھی منعقد ہوئے جن کے لیے انتظامیہ نے ایک سپورٹس ہال بک کروایا تھا۔ انفرادی مقابلوں میں پیدل چلنا، میوزیکل چیئرز اور مشاہدہ و معائنہ شامل تھے جبکہ اجتماعی مقابلوں میں کرکٹ، فٹ بال اور رسہ کشی کے مقابلے ہوئےجن میں انصار نے بڑے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ علمی مقابلہ جات:۱۹؍اکتوبر بروز اتوار صبح ساڑھے نو بجے علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جن میں تلاوت قرآن کریم، حفظِ قرآن، نظم خوانی اور تقریر شامل تھے۔ انصار نے جوش و جذبے سے شرکت کی۔ رشتہ ناطہ سے متعلق اجلاس:رشتہ ناطہ کے بڑھتے ہوئے مسائل کے ضمن میں راہنمائی کے لیے ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد کیا گیا جس میں مکرم رضوان افضل صاحب مبلغ سلسلہ و نیشنل سیکرٹری رشتہ ناطہ نے اظہار خیال کیا۔ پروگرام تلقینِ عمل:اجتماع کے دوسرے روز علمی مقابلہ جات کے بعد پروگرام تلقین عمل منعقد ہوا۔ مکرم آغا یحییٰ خان صاحب نے ’’عائلی معاملات کے بارے میں قرآنی تعلیمات‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اور انصار کو گھریلو ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ اختتامی اجلاس و تقسیم انعامات:اختتامی اجلاس کے مہمانِ خصوصی مکرم مامون الرشید صاحب امیر جماعت احمدیہ سویڈن تھے۔ تلاوت قرآن کریم مکرم منیر احمد نیازی صاحب نے پیش کی۔ صدر مجلس نے عہد دہرایا اور نظم مکرم مرزا ظہیر احمد چودھری صاحب نے پیش کی۔ بعد ازاں قائد عمومی نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی جبکہ ناظم اعلیٰ صاحب نے اجتماع کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے تمام شرکاء اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ مکرم امیر صاحب نے علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے۔ اپنی تقریر میں مکرم امیر صاحب نے مجلس انصاراللہ کی ابتدائی تاریخ اور بزرگ عہدیداران کا ذکر کرتے ہوئے انصار کو اخلاص اور تنظیمی وفاداری کی تلقین کی۔ مکرم صدر صاحب نے اپنی تقریر میں بتایا کہ آئندہ سال اجتماع اور شوریٰ علیحدہ علیحدہ منعقد کیے جائیں گے تاکہ اجتماع کے پروگراموں کو زیادہ وقت دیا جا سکے۔ نیز آئندہ سال چیریٹی واک اور تفریحی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔ ان شاء اللہ۔ مزید بتایا کہ مجلس انصاراللہ سویڈن کو حضرت مسیح موعودؑ کی کتاب ’کشتی نوح‘ کا سویڈش ترجمہ کرنے کی توفیق ملی ہے جس کی اشاعت کی اجازت حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے عطا فرمائی ہے۔ اجتماع کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی جس کے بعد عشائیہ پیش کیا گیا اور احباب اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔ اجتماع میں کل ۱۱۴؍انصار نے شرکت کی جو گذشتہ تمام اجتماعات میں سب سے زیادہ حاضری تھی۔ تمام مجالس نے اس ضمن میں بھرپور کوشش کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک اللہ تعالیٰ مجلس انصاراللہ سویڈن کو اپنی تنظیم کے مقاصد کے حصول کے لیے مزید برکتوں کے ساتھ کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:چودھری عطاءالرحمان محمود۔ قائد عمومی، مجلس انصاراللہ سویڈن) حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا اجتماع مجلس انصار اللہ سویڈن ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ سویڈن، السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ آپ نے مجلس انصار اللہ سویڈن کے نیشنل اجتماع کے لئے پیغام بھجوانے کی درخواست کی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور تمام شاملین کو اس کے حقیقی مقاصد حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین جماعت میں اجتماعات کے مواقع اپنے اندر ایک پاک روحانی تبدیلی پیدا کرنے اور اللہ تعالیٰ سے تعلق کو مضبوط کرنے کے بہترین ذریعے ہیں۔ اس بنیادی مقصد کو یادرکھتے ہوئے خاص طور پر آج کے دور میں جہاں دنیاوی لذتیں اور مادیت پرستی کی لہریں نوجوانوں کو ہر طرف سے گھیر رہی ہیں انصار اللہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے نیک نمونوں کے ساتھ آئندہ نسلوں کی اصلاح اور ان کی تربیت کی طرف بہت توجہ دیں۔ یہ کام آپ اس وقت تک نہیں کرسکتے جب تک کہ آپ خود اللہ تعالیٰ سے مدد مانگتے ہوئے تقویٰ پر قدم مارنے والے نہ ہوں اور اپنی تمامتر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نوجوانوں کے دلوں میں ایمان کی مضبوطی پیدا کرنے کی کوشش نہ کریں۔ بحیثیت انصار اللہ یہ آپ پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور اس کے حصول کے لئے اپنی عبادات کی طرف توجہ کرنا اور نمازوں کی حفاظت اور انہیں خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کرنا بہت ضروری ہے کیونکہ نماز ہی اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے اور اخلاقی بلندیوں کو حاصل کرنے کا سب سے مؤثر زینہ ہے۔ اپنے بچوں اور نوجوانوں کو نرمی اور محبت کے ساتھ سمجھائیں کہ دین کیا چیز ہے اور دین کو دنیا پر مقدم کرنا کیوں ضروری ہے تاکہ وہ بھی اسلام کی روحانی روشنی سے منور ہوتے چلے جائیں اور خلافت احمدیہ کے ساتھ اپنا تعلق پختہ کرنے والے ہوں۔ اللہ کرے کہ آپ اس اہم ذمہ داری کو احسن رنگ میں نبھانے والے ہوں اور جماعت کی آئندہ نسلوں کی اصلاح کا کام ایسے جذبہ اور عزم کے ساتھ کریں کہ ہماری اولادیں اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر دین کی راہ پر چلنے والی اور اسلام احمد یہ کا نام نہ صرف سویڈن میں بلکہ دنیا کے کونے کونے میں روشن کرنے والی ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین مزید پڑھیں: بواکے، آئیوری کوسٹ میں شعبہ صنعت و تجارت کے تحت کیریئر پلاننگ سیمینار کا انعقاد