٭… اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے پر انجینئر محمد علی مرزا کے خلاف گستاخی کے مقدمے میں حکمِ امتناع برقرار رکھا ہے۔ عدالت اسلامی نظریاتی کونسل کے اختیارات کو معطل نہیں کر رہی، اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے پر حکمِ امتناع برقرار رہے گا۔جسٹس کیانی نے اٹارنی جنرل کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یہ بہت اہم معاملہ ہے اور ریاست کا موقف پیش کیا جائے تاکہ عدالت ریاست کی اس متعلقہ تشریح کو دیکھ سکے۔دوران سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ ۲۷ ویں آئینی ترمیم ہو رہی ہے، اسلامی نظریاتی کونسل بھی اپنے اختیارات میں اضافہ کروا لیتی، تجاویز بھجواتی تو اختیارات بڑھ جاتے۔اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے انجینئر محمد علی مرزا کی درخواستِ ضمانت منظور کرتے ہوئے پانچ، پانچ لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔خیال رہے کہ جہلم میں مذہبی اسکالر اور یوٹیوبر انجینئر محمد علی مرزا کے خلاف توہینِ مذہب اور سائبر کرائم قوانین کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا گیا تھا۔ ٭… انگلینڈ میں بدھ کی رات ۱۱ بج کر ۲۳؍منٹ پر لنکاشائر کے علاقے میں تقریباً تین کلومیٹر گہرائی میں زلزلہ آیا۔ زلزلے کے جھٹکے ساؤتھ لیکس، لنکاشائر، کینڈل اور الورفسٹن سمیت بیس کلو میٹر کے علاقے تک محسوس کیے گئے۔برطانوی جیولوجیکل سوسائٹی کے مطابق زلزلے کی شدت ۳.۳؍ریکارڈ کی گئی جبکہ کچھ رپورٹس میں اسے ۳.۴؍ شدت کا بتایا گیا ہے۔ ایک ہزار سے زائد شہریوں کے جھٹکے محسوس کرنے کی اطلاعات ہیں۔میڈیا کے مطابق یہ چوبیس گھنٹوں کے دوران برطانیہ میں آنے والا دوسرا زلزلہ ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کا زلزلہ نقصان کا باعث نہیں بنتا تاہم شہریوں کو صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر پیوٹن سے وٹکوف اور کشنر کی ملاقات اچھی رہی، پیوٹن جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ملاقات کا کیا نتیجہ نکلتا ہے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دنیا میں آٹھ جنگیں رکوائیں، پانچ جنگیں ٹیرف کے ذریعے رکوائیں۔واضح رہے کہ روس یوکرین امن مذاکرات کے لیے ٹرمپ کے معاونین آج میامی میں یوکرینی مذاکرات کار سے ملاقات کریں گے۔ ٭… افغان طالبان نے ۱۳؍سالہ لڑکے سے اس کے گھر والوں کے قاتل کو سرعام سزائے موت دلوا دی۔ صوبہ خوست کے سٹیڈیم میں سزائے موت کے وقت اسّی ہزار کا مجمع تھا، قاتل نے خواتین، بچوں سمیت ایک ہی گھر کے ۱۳؍افراد کو قتل کیا تھا۔طالبان سپریم کورٹ کے مطابق لواحقین کی طرف سے معافی رد کرنے کے بعد قاتل کو سزا دی گئی۔ ٭… اسرائیلی فوج نے رفح کراسنگ آئندہ چند روز میں کھولنے کا اعلان کر دیا۔ تل ابیب سے خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ کے لوگوں کے مصر میں داخلے کے لیے رفح کراسنگ آئندہ کچھ روز میں کھولیں گے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یورپی یونین مشن کے تحت رفح کراسنگ کھولنے کے انتظامات مصر کے ساتھ مل کر کریں گے۔ دوسری جانب مصری خبر ایجنسی نے مصر کی رفح کراسنگ کھولنے پر اسرائیل سے تعاون کی خبر کی تردید کی ہے۔ مصری سرکاری اطلاعاتی سروس کے مطابق رفح کراسنگ کھولنے کے لیے اسرائیل سے تعاون کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہیں۔ ٭… گلوبل پیس انڈیکس کی طرف سے دنیا کے دس محفوظ ترین ممالک کی فہرست جاری کر دی گئی جس میں آئس لینڈ کو محفوظ ترین ممالک میں سرفہرست قرار دیا گیا ہے۔گلوبل پیس انڈیکس کی طرف سے کی جانےوالی درجہ بندی کے دوران دنیا کی تقریباً سو فیصد آبادی کا احاطہ کیا گیا، محفوظ ترین ممالک میں جرائم کی شرح تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے۔مذکورہ محفوظ ترین ممالک میں آئس لینڈ پہلے نمبر پر ہے جو ۲۰۰۸ء سے اپنی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے۔ یہاں کے باشندوں کی متوقع عمر ۸۲.۶؍سال ہے، یورپی یونین میں یہ شرح ۸۰.۹؍ہے۔ اس درجہ بندی میں آئر لینڈ دوسرے جبکہ آسٹریا تیسرے نمبر پر رہا۔چوتھے نمبر پر نیوزی لینڈ، پانچویں پر سنگاپور، سوئٹزرلینڈ چھٹے نمبر پر، پرتگال ساتویں، ڈنمارک آٹھویں، سلووینیا نویں اور ملائیشیا کو دسویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ ٭… امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہیں تو ہر جنگ رُکوانے پر نوبیل انعام ملنا چاہیے لیکن وہ لالچی نہیں بننا چاہتے۔ کابینہ اجلاس میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں نوبیل انعام نہیں ملا، کہا گیا کہ روس یوکرین جنگ رُکوائیں گے تو نوبیل انعام ملے گا، یہ نہیں دیکھا کہ پاک بھارت جنگ اور باقی آٹھ جنگیں رُکوائیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ نوبیل انعام پانے والی خاتون نے بھی کہا ٹرمپ نوبیل انعام کے حق دار تھے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں جنگوں میں ہونے والی ہلاکتوں کی پروا ہوتی ہے۔ انہوں نے آٹھ جنگیں رُکوائیں اور نویں ختم ہونے والی روس یوکرین جنگ ہوگی، یوکرین کی صورتِ حال پیچیدہ ہے، مسئلہ حل کرنا آسان نہیں۔ ٭… پیرو میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کشتیاں ڈوبنے سے کم از کم بارہ افراد ہلاک اور بیس سے زائد افراد لاپتا ہوگئے۔حکام کے مطابق ایمازون کے علاقے میں دریائے یوکیالی کی بندرگاہ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دو کشتیاں ٹکرائیں۔مقامی ہیلتھ ایجنسی کا بتانا ہے کہ حادثے کے بعد علاقے میں ریسکیو آپریشن جاری ہے، لاپتا ہونے والے افراد کی تلاش جاری ہے۔ حادثے کی شکار ایک کشتی میں تقریباً پچاس مسافر سوار تھے جبکہ دوسری کشتی میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا۔ ٭…٭…٭