اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ نائیجر کو امسال اپنا تیرھواں نیشنل اجتماع مورخہ ۷تا۹؍نومبر ۲۰۲۵ء محمدآباد میں ’’انفاق فی سبیل اللہ‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ فالحمدللہ نیشنل اجتماع کے ليے ایک ماہ قبل ہی تیاریوں کا آغاز کیا گیا اور علمی مقابلہ جات کے ليے ایک نصاب تیار کرکے تمام ریجنز کے انصار تک پہنچا دیا گیا اور مقابلہ جات کی تیاری کا مرحلہ بھی شروع ہوگیا۔ اجتماع میں شرکت کے لیے انصاراللہ کے وفود ۶؍نومبر بروز جمعرات اجتماع گاہ پہنچنا شروع ہوگئے اور ہفتہ کی صبح نمازِ تہجد سے دن کا آغاز کیا گیا۔ بعد از نماز فجر درس القرآن پیش کیا گیا۔ صبح ساڑھے نو بجے پرچم کشائی اور دعا کی پر وقار تقریب ہوئی۔ مکرم اسد مجیب صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجر نے افتتاحی اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شمولیت کی۔ تلاوت قرآن کریم، عہد انصاراللہ اور قصیدہ حضرت مسیح موعودؑ کے بعد مکرم ممن سلیمان صاحب صدر مجلس انصار اللہ نے اجتماع کے مقاصد لوکل زبان میں بیان کيے اور بعد ازاں امیر صاحب نائیجر نے بعض امور کی طرف توجہ دلائی اور دعا کروائی جس کے بعد اجتماع کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ افتتاحی اجلاس کے بعد علمی و ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ ورزشی مقابلہ جات میں فٹ بال، رسہ کشی، دوڑ، ثابت قدمی، میوزیکل چیئرز وغیرہ کے مقابلے شامل تھے جبکہ علمی مقابلہ جات میں تلاوت، اذان، سوال و جواب، حفظِ قرآن، حفظِ ادعیہ وغیرہ مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ اجتماع میں اِن مقابلہ جات کے ابتدائی و فائنل مراحل جاری رہے اور اس کے ليے ریجنز کے اعتبار سے ٹیموں کو تشکیل دیا گیا تھا۔ ان مقابلہ جات کے بعد نماز مغرب و عشاء باجماعت ادا کی گئیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد مجلس سوال و جواب منعقد کی گئی۔ عشائیہ کے ساتھ اجتماع کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔ دوسرے دن کا آغاز بھی تہجد اور فجر کی نمازوں سے ہوا۔ اس کے معاً بعد درس کا اہتمام کیا گیا۔ ناشتے کے بعد ورزشی مقابلہ جات کے فائنل مقابلے منعقد کیے گئے۔ بعدازاں تمام انصار تیار ہو کر اجتماع کے اختتامی اجلاس کے ليے اجتماع گاہ میں جمع ہونا شروع ہوگئے۔ اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم، عہد انصاراللہ اور حضرت مسیح موعودؑ کے ایک قصیدہ سے شروع ہوا۔ بعدازاں مکرم ممن بیلو صاحب ناظم اعلیٰ نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ معزز مہمانان سیکرٹری جنرل صاحب میئر اور سیکرٹری جنرل صاحب پریفے نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پھرمختلف علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والےانصار میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ آخر میں صدر اجلاس نے اپنے اختتامی کلمات میں تمام انصارکو اللہ تعالیٰ سے تعلق مضبوط کرنے، انسانی رشتوں کو سنوارنے اور خلافت سے وفادار رہنے کی تلقین کی۔ اختتامی دعا کے ساتھ یہ نیشنل اجتماع اپنے بابرکت اختتام کو پہنچا۔ اختتامی اجلاس کے بعد مختلف ریجنز سے آنے والے انصار نے اپنے اپنے ریجنز کی طرف واپسی کا سفر اختیار کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اجتماع کی کُل حاضری۵۶۳؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: اٹلی میں Senato della Repubblica میں بین المذاہب کانفرنس میں جماعت کی شرکت