٭… ایئر بس کمپنی نے اے 320 طیاروں کا سافٹ ویئر فوری تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کمپنی کے اس عمل سے دنیا بھر میں چھ ہزار طیارے متاثر ہوسکتے ہیں۔ امریکن ایئر لائنز، ڈیلٹا ایئر لائنز، ایئر نیوزی لینڈ سمیت کئی کمپنیوں نے پروازوں میں خلل کا انتباہ جاری کردیا ہے۔ایئر بس کا کہنا ہے کہ طیارے کے حالیہ واقعے سے پتا چلا کہ سولر ریڈی ایشن ڈیٹا کو نقصان پہنچا کر کنٹرول متاثر کرسکتی ہے۔ ۳۰؍اکتوبر کوJetBlueکا دوران پرواز طیارہ کنٹرول کھو کر اچانک بلندی سے نیچے آیا، جس سے کئی مسافر زخمی ہوئے تھے۔ ٭… امریکی محکمہ خارجہ نے افغان پاسپورٹ پر سفر کرنے والے تمام افراد کو ویزوں کا اجرا روک دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جمعہ کو ایکس پر ایک پوسٹ میں تصدیق کی کہ محکمہ خارجہ نے افغان پاسپورٹ پر سفر کرنے والے تمام افراد کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا ہے۔امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل قریب کے لیے پناہ کی تمام درخواستوں پر فیصلے بھی روک رہے ہیں۔ ٭… بھارتی سیکرٹری دفاع راجیش کمار کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے دورۂ بھارت میں دفاعی معاملات پر کوئی بڑا اعلان متوقع نہیں ہے۔ بھارتی سیکرٹری دفاع نے کہا کہ دورے کے دوران ایس400سسٹم پر بھی کوئی پیشرفت متوقع نہیں ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت روس کے ساتھ دفاعی تعاون کو آگے بڑھانے پر زور دے گی، بھارتی حکومت روس سے ایس400سسٹم کی ترسیل میں تاخیر پر وضاحت مانگے گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن ۴ سے ۵؍دسمبر کو بھارت کا دورہ کر یں گے۔ ٭… برطانوی حکومت نے سیاسی پناہ گزینوں کے ٹیکسی کے استعمال پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا۔ سیاسی پناہ گزین فروری سے میڈیکل اپائنٹمنٹ کے لیے ٹیکسی استعمال نہیں کرسکیں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سیاسی پناہ گزین طویل فاصلوں کے لیے ٹیکسی کا استعمال کر رہے ہیں، ایک پناہ گزین نے ڈاکٹر سے اپائنٹمنٹ کے لیے ٹیکسی سے ۲۵۰؍میل کا سفر کیا۔ اس پر ہوم آفس کو ۶۰۰؍پاؤنڈ ادا کرنا پڑے۔پناہ گزین صرف غیرمعمولی حالات میں ٹیکسی کا استعمال کرسکیں گے، دائمی بیماریوں میں مبتلا، معذور افراد اور حاملہ خواتین پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ ٭… ایمنسٹی انٹرنیشنل نے حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا کو بےوقوف نہیں بنانا چاہیے، اسرائیل کی نسل کشی ختم نہیں ہوئی۔ اسرائیل غزہ میں جنگ بندی کے باوجود نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسرائیلی فورسز نے صرف غزہ پر حملوں کی شدت کم کی ہے، امداد کی محدود فراہمی جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق جنگ بندی سے غلط تاثر پیدا ہو رہا ہے کہ غزہ میں زندگی معمول پر آ رہی ہے۔ غزہ کی صورتِ حال میں کوئی نمایاں بہتری نظر نہیں آ رہی۔ اسرائیل غزہ میں اپنی ظالمانہ پالیسیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ جنگ بندی کے بعد اسرائیل نے ۱۳۶؍بچوں سمیت ۳۷۴؍ فلسطینی شہید کیے۔ اسرائیل نے انسانی امداد اور بنیادی ضروریات تک رسائی محدود کی۔ ٭… یوکرین کے انسدادِ بدعنوانی حکام نے صدر زیلنسکی کے چیف آف اسٹاف اور امن مذاکرات کے سربراہ آندرے یرماک کے گھر پر جمعہ کو چھاپہ مارا، حکام کے مطابق یہ کارروائی ایک جاری تحقیقات کا حصہ ہے۔نیشنل اینٹی کرپشن بیورو (این اے بی یو) اور اسپیشلائزڈ اینٹی کرپشن پراسیکیوٹر آفس (ایس اے پی او) نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ تفتیشی کارروائیاں باقاعدہ اجازت کے بعد کی جا رہی ہیں۔یہ چھاپے ایسے وقت پر مارے گئے ہیں جب کیف حکومت پر امریکہ کی حمایت یافتہ امن تجویز قبول کرنے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے۔اور یوکرین میں سرکاری جوہری توانائی کمپنی میں دس کروڑ ڈالر کی مبینہ رشوت اسکینڈل کی تحقیقات جاری ہیں۔