۲۱؍نومبر جمعۃ المبارک کو صبح کے وقت موسم سرما کی روایتی ٹھنڈ تھی ۔ اُس دن آسمان صاف تھا اس لیے دن بھر دھوپ رہی، اب لوگ سردی سے بچنے کے لیے دھوپ میں بیٹھ کر دن گزارتے ہیں اور دن بھر کے امور کھلے آسمان تلے انجام دیتے ، مالٹوں اور ڈرائی فروٹس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ہفتہ کو بھی صبح کے وقت زیادہ خنکی بن گئی تھی، ہوا بند اور آسمان صاف ہونے کی وجہ سےسارا دن سورج چمکتا رہا اور دھوپ رہی ۔ شام کے وقت موسم سرد رہا کیونکہ ہوا کی وجہ سے خنکی بن گئی۔ یہ ہفتہ بھی مجموعی طور پر ایک جیسا تھا۔ موسم میں اب سردی زیادہ ہوگئی ہے۔ صبح اور شام کے وقت کافی زیادہ ٹھنڈ ہوجاتی ہے ۔ سردی اب تیزی کے ساتھ ربوہ میں ڈیرے ڈال چکی ہے ، آسمان صاف ہونے سےیعنی بادلوں کی غیر موجودگی میں موسم خشک رہا ۔ اتوار کو ہلکی ٹھنڈی ہوا دن بھر چلتی رہی ۔ جس سے موسم مزید سرد ہوگیا۔سوموار کو بھی موسم کی یہی کیفیت رہی۔ منگل سے اس ہفتہ کے آخر تک تقریباً یہی موسم رہا اور ٹھنڈ میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ ان تین دنوں میں صبح کے وقت ہلکی دھند بھی دیکھنے کو ملی، جس سے سردی میں خاطر خواہ اضافہ ہوگیا۔سردی کا یہ سلسلہ جمعرات تک جاری رہا ، تاہم بادلوں کی غیر موجودگی کی وجہ سے دن بھر دھوپ ہوتی ہے جس سے دن کے وقت ٹھنڈا موسم خوشگوار ہوجاتا ہے لیکن پھر بھی اوپر سے کچھ گرم پہننے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ اس ہفتہ میں ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۲۱؍اور کم سے کم ۷؍درجہ سینٹی گریڈ رہا۔(ابو سدید)