کرکٹ: آسٹریلیا بمقابلہ انگلینڈ، پہلے ایشزٹیسٹ میچ میں میزبان آسٹریلیا نے انگلینڈ کو آٹھ وکٹوں سے مات دے دی۔ پرتھ میں ہونے والا میچ صرف دو دن کے اندر ختم ہوا۔ انگلش ٹیم اپنی پہلی باری میں ۱۷۲رنزبناکرآؤٹ ہوئی، آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم ۱۳۲رنزپرڈھیر ہوگئی۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز میں ۱۶۴رنز بناکر آسٹریلیا کو ۲۰۵رنز کا ہدف دیا۔پرتھ کی نہایت مشکل پچ پرTravis Head نے ناقابلِ یقین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ۸۳گیندوں پر۱۲۳رنزبناکر اپنی ٹیم کو یادگار فتح سے ہمکنار کیا۔ رائزنگ سٹارزایشیاکپ کے فائنل میں پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش Aکو سپراوور میں شکست دے دی۔دوحہ میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکہ میں پاکستانی ٹیم نےمقررہ بیس اوورز میں ۱۲۵رنز بنائے۔ سعد مسعود ۳۸رنز بناکر نمایاں رہے۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ابتدائی سات وکٹیں صرف ۵۳رنزپر گریں۔پھر۹۶کے مجموعے پر۹وکٹیں کھونے کے باوجود بنگلہ دیشی ٹیم میچ کوبرابرکرنے میں کامیاب ہوئی۔ پاکستان شاہینز کی جانب سے احمد دانیال نے میچ کے آخری اوور اور پھر سپر اوور میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ پاکستان شاہینز نے سپراوورمیں ملنے والا سات رنزکا ہدف بغیرکسی نقصان کے پوراکیا اور رائزنگ سٹارز ایشیا کپ کا ٹائیٹل تیسری مرتبہ اپنے نام کیا۔پاکستان کے احمددانیال کو میچ جبکہ معاذ صداقت کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔قبل ازیں سیمی فائنل مقابلوں میں بنگلہ دیش اے نے بھارت کی اے ٹیم کو سپر اوور میں شکست دی جبکہ پاکستانی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلہ کے بعد سری لنکا اے کے خلاف کامیابی حاصل کی ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے دسویں ٹی٢٠ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کردیا۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے جن کے مابین ٹاکرا ١٥ فروری ٢٠٢٦ء کو ہوگا۔ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ ٢٠٢٦ء بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ۷ فروری سے ٨ مارچ ٢٠٢٦ء تک منعقد ہوگا جس میں ٢٠ ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ گروپ اے میں دفاعی چیمپئن بھارت، پاکستان، نمیبیا، نیدرلینڈز اور یو ایس اے۔ گروپ بی میں آسٹریلیا، سری لنکا، آئرلینڈ، زمبابوے اور عمان۔ گروپ سی میں انگلستان، ویسٹ انڈیز، اٹلی، بنگلہ دیش، نیپال۔ جبکہ گروپ ڈی میں جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، افغانستان، متحدہ عرب امارات اور کینیڈا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں سُپر اَیٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، جس کے بعد سیمی فائنل اور فائنل مقابلے ہوں گے۔ پاکستانی ٹیم اپنے تمام میچز کولمبو میں کھیلے گی۔ ہاکی:پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش، ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں جگہ بنانے کے لیے دونوں ٹیموں کے درمیان ڈھاکہ میں ہونے والی سیریزپاکستان نے تین صفر سے جیت لی۔ آخری مقابلہ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے بنگلا دیش کوتین کے مقابلہ میں دس گول سے ہرا یا۔ پینلٹی کارنر کے ماہر کھلاڑی محمد سفیان خان ڈبل ہیٹ ٹرک یعنی میچ میں چھ گول کرنے میں کامیاب رہے۔ فٹ بال: فیفا ورلڈکپ۲۰۲۶ءکے لیے شمالی امریکہ، وسطی امریکہ اور کیریبین ریجن (CONCACAF)سے ہیٹی، پانامہ اور Curacaoکی ٹیموں نے کوالیفائی کرلیا۔ یوں میزبان امریکہ، کینیڈااور میکسیکوسمیت ۴۲ممالک کی ٹیمیں ۲۰۲۶ء فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے اپنی جگہ پکی کرچکی ہیں۔ ٹینس:۲۰۲۵ءکا ڈیوس کپ ٹائیٹل اٹلی نے جیت لیا۔آٹھ ممالک کے مابین فائنلزمقابلے اٹلی کے شہرBolognaمیں منعقد ہوئے۔اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز میں اسپین اور اٹلی نے بیلجیم اور جرمنی کو شکست دی جبکہ فائنل میں اٹلی نے اسپینش ٹیم کو ہراکر لگاتار تیسری مرتبہ ڈیوس کپ کاٹائیٹل جیت لیا۔ سنوکر: سنوکر کے ٹیم ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم چیمپئن بن گئی۔ مسقط میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو دو کے مقابلہ میں تین فریمز سے شکست دی۔ اسجد اقبال اور محمد آصف پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے کوارٹر فائنل میں قطر جبکہ سیمی فائنل میں بھارت کو ہرایا تھا۔ (ن م طاہر) ٭…٭…٭