اللہ تعالیٰ کے فضل اور احسان سے مجلس انصاراللہ جرمنی کو اپنا چوتھا دو روزہ نیشنل تبلیغ سیمینار مورخہ ۲۵و ۲۶؍اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ و اتوار مسجد بیت الواحد، ہاناؤ (Hanau) میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ یہ سیمینار مجلس انصاراللہ جرمنی کے یوٹیوب چینل کے ذریعہ اردو اور جرمن زبانوں میں براہِ راست آن لائن نشر کیا گیا جس سے جرمنی کے تمام ۱۸؍علاقہ جات کے نمائندہ انصار کے علاوہ گھروں میں موجود احباب بھی مستفید ہوئے۔ دو روزہ پروگرام سات علمی و تربیتی لیکچرز پر مشتمل تھا جن کے مضامین تبلیغ اسلام و احمدیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے تھے۔ علاوہ ازیں سوال و جواب کی نشست، گروپ ورک، قیادت تبلیغ کی سالانہ رپورٹ، یورپین ممالک کے تبلیغی دوروں کے تاثرات اور ایک معلوماتی کوئز پروگرام بھی شامل تھے۔ کُل حاضری ۳۷۰؍انصار و داعیان الی اللہ پر مشتمل رہی۔ سیمینار کے منتظم اعلیٰ مکرم ظفر احمد ناگی صاحب نائب صدر اول تھے۔ پہلا دن:افتتاحی اجلاس صبح ۱۱؍بجے مکرم بشیر احمد ریحان صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی کی صدارت میں شروع ہوا۔ معزز مہمانان میں مکرم مبارک احمد تنویر صاحب مبلغ انچارج و نائب امیر جماعت احمدیہ جرمنی اور مکرم منتظم اعلیٰ صاحب شامل تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اردو و جرمن ترجمہ سے ہوا۔ عہد کے بعد مکرم صدر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں سیمینار کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ پہلا لیکچر ’’بائبل کی رُو سے صداقتِ اسلام‘‘ کے موضوع پر مکرم شمس اقبال صاحب مبلغ سلسلہ نے پیش کیا۔ دوسرا لیکچر ’’موجودہ حالات اور جہاد بالقلم‘‘ کے موضوع پر مکرم مبلغ انچارج صاحب جرمنی نے بانیٔ جماعت احمدیہ کی تحریرات کی روشنی میں پیش کیا۔ بعد ازاں سوال و جواب کی نشست اور نماز و کھانے کا وقفہ ہوا۔ وقفہ کے بعد گروپ ورک کا اجلاس بموضوع ’’پُر اثر تبلیغ، خطباتِ امام کی روشنی میں‘‘ منعقد ہوا جس کی نظامت مکرم حبیب الرحمٰن ناصر صاحب مبلغ سلسلہ نے کی۔ اس اجلاس میں انصار نے علاقائی ٹیموں کی صورت میں حصہ لیا۔ شام ساڑھے چار بجے تیسری نشست مکرم صدر صاحب کی صدارت میں شروع ہوئی۔ اس نشست میں مکرم فرید احمد خالد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے ’’آج کے دور میں تبلیغ کے تقاضے‘‘ کے موضوع پر تقریر کی، جبکہ مکرم محمد الیاس منیر صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’تبلیغ کے میدان میں مستقل مزاجی کی ضرورت‘‘پر مفصل لیکچر دیا۔ بعد ازاں ایک خصوصی نشست رات آٹھ بجے تک جاری رہی۔ دوسرا دن: دوسرے دن کا آغاز صبح ۱۰؍بجے مکرم منتظم اعلیٰ صاحب کی زیر صدارت ہوا۔ اس میں چیک ریپبلک اور لکسمبرگ کے تبلیغی وفود کے انصار بھائیوں نے اپنے مشاہدات و تاثرات پیش کیے۔ اختتامی اجلاس ۱۱؍بجے مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی کی صدارت میں ہوا۔ اس اجلاس میں تین لیکچرز، ایک کوئز پروگرام اور تقسیم اسناد شامل تھے۔ پہلا لیکچر ’’قرآن کریم کی پیشگوئیاں اور عصرِ حاضر کے حقائق‘‘ کے موضوع پر مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ سلسلہ و نیشنل سیکرٹری اشاعت نے پیش کیا۔ دوسرا لیکچر ’’آنحضرتﷺ کا حکمت بھرا اندازِ تبلیغ‘‘ پر مکرم راشد پاک ترک صاحب مبلغ سلسلہ نے دیا۔ اختتامی لیکچر مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب امیر جماعت احمدیہ جرمنی نے جرمن زبان میں ’’دنیا کے بدلتے ہوئے حالات میں ہمارا کردار‘‘ کے موضوع پر دیا۔ بعد ازاں مکرم منصور احمد صاحب قائد مال نے دو دنوں کے موضوعات پر مبنی ایک دلچسپ معلوماتی کوئز پروگرام پیش کیا۔ اختتامی دعا سے قبل مکرم امیر صاحب نے گروپ ورک میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ناظمین اعلیٰ علاقہ جات میں اسناد تقسیم کیں۔ مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ کے اختتامی کلمات اور مکرم امیر صاحب کی اقتدا میں دعا کے ساتھ یہ بابرکت سیمینار بخیر و خوبی اپنے اختتام کو پہنچا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک اللہ تعالیٰ مجلس انصاراللہ جرمنی کو تبلیغ اسلام و احمدیت کے میدان میں مزید ترقیات سے نوازے۔ آمین (رپورٹ: منور علی شاہد۔ منتظم رپورٹنگ) ٭…٭…٭