٭… ۲۳؍نومبر۲۰۲۵ء بروز اتوار امیرالمومنین حضرت خلیفةالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے برطانیہ کے مغربی حصے ویلز میں کارڈف کے علاقے میں جماعت احمدیہ کی پہلی باقاعدہ مسجد بیت الرحیم کا افتتاح فرمایا۔ اس مسجد کے لیے فنڈز اور اس کی تعمیر سے لے کر افتتاح تک کے تمام مراحل مجلس انصاراللہ برطانیہ کے زیر نگرانی بخوبی طے پائے ہیں۔اس مسجد کے افتتاح کے لیے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بنفس نفیس تشریف لائے اور اس مسجد کا افتتاح کرکے سرزمین ویلز کو برکت بخشی۔ یہ پہلا تاریخی موقع ہے کہ کوئی بھی خلیفۃالمسیح کارڈف باقاعدہ جماعتی دورے پر تشریف لائے۔حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز چار بج کر ۵۳؍ منٹ پر مسجد بیت الرحیم تشریف لائے۔ سب سے پہلے حضورِ انور نے یادگاری تختی کی نقاب کشائی فرمائی اور اجتماعی دعا کروائی۔ دعا کے بعد حضورِ انور نے ایک یادگاری پودا بھی لگایا۔ نمازمغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ نے افتتاحی تقریب سے خطاب فرمایا جس میں مسجد کے قیام کے حوالے سے اسلام کی حسین تعلیمات پیش فرمائیں۔ اس کی رپورٹ درج ذیل لنک پر ملاحظہ فرمائیں: https://www.alfazl.com/2025/11/23/135158 ٭… جمعے کے روز دبئی ایئر شو کے دوران بھارت کا مقامی طور پر تیار کردہ جنگی طیارہ تیجس گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا تھا۔حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور فائر فائٹنگ ٹیمیں پہنچیں اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔بھارتی میڈیا نے تیجس حادثے کا ذمے دار امریکہ کو ٹھہرا دیا۔ یہ بھارت کا پہلا مقامی ساختہ سنگل انجن، ملٹی رول لائٹ کومبیٹ ایئرکرافٹ ہے، جو ہندوستان ایرو ناٹکس لمیٹڈ اور ایرو ناٹیکل ڈیویلپمنٹ ایجنسی (اے ڈی اے) نے مشترکہ طور پر تیار کیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ طیارے کا نوّے فیصد بیرونی ڈھانچہ جدید کاربن فائبر کمپوزٹ سے بنا ہے اور اسے دنیا کے ہلکے ترین سپر سونک لڑاکا طیاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔یاد رہے کہ دو سال سے بھی کم عرصے میں تیجس طیارے کا یہ دوسرا حادثہ ہے۔ ٭… دبئی ایئر شو ۲۰۲۵ء میں بھارتی فضائیہ کے تیجس طیارے کے گرنے اور وِنگ کمانڈر نمنش سیال کی ہلاکت نے عالمی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی ہے۔ امریکی فضائیہ کے ایف16 وائپر ڈیمونسٹریشن ٹیم کے کمانڈر میجر ٹیلر ہیسٹر نے بھارتی طیارے کے گرنے کے بعد ایئر شو کے جاری رہنے کے فیصلے پر حیرت اور دُکھ کا اظہار کیا ہے۔امریکی پائلٹ کا کہنا ہے کہ کچھ دیر میں ہی ایئر شو کا ماحول ایسا تھا جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو، امریکی ٹیم اور چند دیگر بین الاقوامی ٹیموں نے احتراماً اپنی پرفارمنسز منسوخ کی تھیں۔ ٭… پاکستان کی وزارتِ آبی وسائل کا کہنا ہے کہ چنیوٹ کے مقام پر دریائے چناب پر ڈیم کی تعمیر زیر غور ہے جس کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی پر کام ہوچکا ہے۔ ڈیم کی تعمیر کامقصد بھارت کی طرف سے سیلابی پانی کی روک تھام ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کو اجلاس کے دوران آبی ذخائر اور ملک میں پانی کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔واپڈا حکام کے مطابق دریائے چناب ہر سال ملکی آبپاشی نظام کو ۲۳؍ملین ایکڑ فٹ پانی فراہم کرتا ہے، دریائے چناب کا مکمل کیچمنٹ علاقہ بھارت کی حدود میں واقع ہے، بھارت اپنے جاری اور مستقبل کے منصوبوں کے ذریعے پاکستان کے پانی میں ردوبدل کر سکتا ہے، گذشتہ دس برسوں میں مغربی دریاؤں کا ۵۱؍ فیصد پانی بھارت کی طرف سے آیا، پاکستان کے اندر پیدا ہونے والا پانی ۴۹؍ فیصد رہا۔ ٭… بیروت سے خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے حزب اللہ کے چیف آف اسٹاف علی طبطبائی کو شہید کیے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان میں بھی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ادھر لبنان کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ دارالحکومت بیروت میں اسرائیلی فوج نے فضائی حملہ کیا۔ اسرائیلی حملے میں پانچ افراد جاں بحق ہوئے اور ۲۸؍زخمی ہوئے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے چیف آف اسٹاف ہیثم علی طبطبائی حملےکا ہدف تھے۔ اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے چیف آف اسٹاف علی طبطبائی کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ٭… جنوبی افریقہ میں دنیا کی بیس بڑی معیشتوں کی تنظیم جی20 کے سربراہی اجلاس کے اختتام پر جی 20کی صدارت امریکہ کے سپرد کر دی گئی۔ جنوبی افریقہ کے صدر سائرل راما فوسا نے اجلاس کے اختتام پر اپنے خطاب میں کہا کہ اجلاس میں تمام ذرائع سے موسمیاتی مالیات بڑھانے کی ضرورت کو تسلیم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جی 20 ممالک کو پائیدار ترقی کی حمایت کے لیے بلاخوف وخطر کام کرنا چاہیے۔ صدر راما فوسا نے کہا کہ جی 20 اعلامیہ کثیرالجہتی تعاون کے عزم کی تجدید ہے، یہ اعلامیہ دنیا کے لوگوں کی زندگیاں بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کے عزم کا اظہار ہے۔ یاد رہے کہ امریکہ نے جی 20 سربراہی اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا، اجلاس میں اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی اور دیگر عالمی راہنما شریک ہوئے۔ ٭… واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نیویارک کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی کے درمیان ہونے والی پہلی ملاقات خوشگوار انداز میں اختتام پذیر ہوئی تھی۔وائٹ ہاؤس میں ہونے والی دوستانہ ماحول میں ملاقات کے باوجود ظہران ممدانی اپنے سابقہ بیانات پر ڈٹے نظر آرہے ہیں۔