جرمنی میں رائج جمہوری سسٹم کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ یہاں ہر چار سال کے بعد بڑی باقاعدگی سے لوکل باڈی الیکشن اور اس کے نتائج کو تسلیم کیا جانا ہے۔ بنیادی جمہوریت کے نظام میں مشورہ کو بہت اہمیت دی جاتی ہے۔ جرمنی میں آباد دوسری قومیتوں کے افراد کے مسائل جاننے اور ان کے حل کے ليے ہر شہر میں پانچ سال بعد غیر ملکیوں کو اپنا ایک مشاورتی بورڈ منتخب کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ بورڈ کے ممبران کی تعداد کا انحصار شہر میں موجود غیر ملکیوں کی آبادی کے تناسب سے رکھا جاتا ہے۔ اس سسٹم کو جرمن زبان میں Ausländerbeiratکہا جاتا ہے۔ دوسری قومیتوں کو اس مشاورتی نظام کا حصہ بنانے کا آغاز ۱۹۷۲ء سے Wiesbaden شہر سے ہوا تھا جو رفتہ رفتہ اب سارے جرمنی میں رائج ہے۔ منتخب ہونے والے افراد صوبائی درجہ پر اپنی ایک کابینہ اور اس کے سربراہ کا انتخاب کرتے ہیں جو صوبائی حکومت کے سامنے غیر ملکیوں کے مسائل اور ان کے حل کا ذمہ دار ہے۔ فرینکفرٹ صوبہ Hessen کا ایک اہم شہر ہے اور Hessen میں صوبائی لیول کے مشاورتی بورڈ کو AGAH یعنی Arbeitsgemeinschaft der Ausländerbeiräteکا نام دیا گیا ہے۔ AGAHکے سات ممبران ہیں جن کا تعلق روس، ترکی، یونان، ملک شام سے ہے۔ ان کا چناؤ اڑھائی سال کے ليے کیا جاتا ہے جبکہ شہروں میں ممبران مشاورتی بورڈ کی مدت پانچ سال ہے۔ ۲۰؍نومبر۲۰۲۵ء کو صوبہ Hessen کی وزیر ثقافت Mrs Hoffman اور AGAH کے صدر Mr. Gulegen نے صوبائی پارلیمنٹ ہاؤس میں ان تمام ممبران مشاورتی بورڈ کو خصوصی سرٹفیکٹ اور اعزازت سے نوازا۔ صوبہ ہیسن کے ۸۰ شہروں میں غیر ملکیوں کے مشاورتی بورڈ قائم ہیں جن میں ایسے ممبران جو ۲۰؍سال یا اس سے زائد مدت سے اپنے علاقے میں خدمت کر رہے ہیں ان کو اعزاز سے نوازا گیا۔ اس کے ليے تین گروپ بنائے گئے تھے: چالیس سال سے زیادہ خدمت کرنے والے، تیس سال سے زائد اور تیسرا گروپ بیس سال سے زائد وقت سے منتخب ہو کر خدمت کرنے والوں کا تھا۔ اس پر وقار تقریب میں اعزازت دیے جانے سے قبل وزیر ثقافت نے ان امور کی تفصیل بیان کی جو AGAH کے ساتھ مل کر یا AGAH کے کہنے پر صوبائی حکومت نے مکمل کيے۔ اعزاز حاصل کرنے والوں میں چار پاکستانی احمدی احباب بھی شامل تھے۔ مکرم محمد شریف خالد صاحب جو ۱۹۶۰ء کی دہائی سے جرمنی میں مقیم ہیں اور مختلف عہدوں پر جماعتی خدمت کی توفیق پاتے رہے ہیں۔ آپ کو ۲۸؍سال سے مسلسل اپنے شہر Dietzenbach سے منتخب ہونے پر اعزاز سے نوازا گیا۔ یاد رہے کہ خالد صاحب حکومت پاکستان سے تمغہ خدمت بھی حاصل کر چکے ہیں۔ مکرم ظفر اقبال منیب صاحب کو Rodgau سے پچیس سال سے۔ مکرم ریحان رشید صاحب کو Gustavburg سے اور مکرم ارشد احمد شہباز صاحب کو Darmstadt سے بیس بیس سال سے منتخب ہونے پر اعزاز حاصل کرنے والوں میں شامل تھے۔ اعزازت کی تقسیم کے بعد تمام مہمانوں کے ليے اسمبلی ہال سے منسلک روم میں ضیافت کا اہتمام تھا جس میں مکرم عبد اللہ واگس ہاؤزر صاحب امیر جماعت احمدیہ جرمنی اور مکرم فضل الرحمان کھوکھر صاحب میڈیا کوآرڈنیٹر نے بھی شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ ان چاروں احمدیوں کے لیے یہ اعزاز مبارک کرے۔ آمین