مکرم وقار احمد شیخ صاحب ڈائریکٹر آپریشنز ہیومینٹی فرسٹ کینیا تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہیومینٹی فرسٹ کینیا دکھی انسانیت کی خدمت کی توفیق پارہی ہے۔ ماہ اکتوبر میں بھی ہیومینٹی فرسٹ کو دو کاؤنٹیز میں مفت آئی کیمپس کے انعقاد کی توفیق ملی جن کی تفصیل درج ذیل ہے۔ کسومو کاؤنٹی میں کسومو اور کسیان میں مفت آئی کیمپس کا انعقاد کسومو ریجن، کینیا کے ان ریجنز میں سے ہے جہاں آنکھوں کی بیماریاں دوسرے علاقوں کی نسبت زیادہ ہیں۔ اس کی ایک وجہ اس کا عین خطِ استوا پر واقع ہونا ہے اور اس کے علاوہ علاج معالجہ کی سہولتوں کا فقدان اور ان کا مہنگا ہونا بھی ہے کیونکہ آنکھوں کے ایک آپریشن کے لیے کم از کم ۵۰؍ہزار کینین شلنگ درکار ہیں جو کہ غریب لوگوں کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔ ان امور کے پیش نظر ہیومینٹی فرسٹ اکثرو بیشتر ان علاقوں میں اپنے میڈیکل کیمپ اور ریلیف کیمپس وغیرہ منعقد کرتی رہتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۳تا۵؍اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز جمعہ تا اتوار ہیومینٹی فرسٹ کینیا کو اپنے Gift of Sightپروگرام کے تحت اپنے دیرینہ شریک کار Lions Sight First Eye Hospital اور Uzima University Medical Centreکے اشتراک سے آنکھوں کی سکریننگ اور آپریشنز وغیرہ کے لیے تین روزہ مفت آئی کیمپ منعقد کرنے کی توفیق ملی، الحمدللہ۔ کیمپ کے انعقاد سے پہلے مساجد، گرجوں اور کسومو کاؤنٹی کمشنر آفس کے ذریعے عوام الناس کو اس کیمپ کی اطلاع دی گئی تھی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہو سکیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس تین روزہ کیمپ میں کُل ۶۰۰؍افراد کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا جن میں سے ۱۶۹؍افراد کو ہیومینٹی فرسٹ کی طرف سے مطلوبہ مختلف ادویات اور ۱۷۲؍افراد کو نظر کی عینکیں دی گئیں۔ علاوہ ازیں ۱۸۸؍افراد کے کیٹریکٹس کے کامیاب آپریشز بھی کیے گئے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک اہالیان علاقہ اور سرکاری حلقوں میں ہیومینٹی فرسٹ اور اس کے شرکائے کار کی اس خدمت کو بہت سراہا گیا اور اس خدمت کو جاری رکھنے کی درخواست کی گئی۔ وبا للہ التوفیق کوالے میں مفت آئی کیمپ کا انعقاد اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۶؍اکتوبر بروز اتوار ہیومینٹی فرسٹ کینیا کو کوالے کاؤنٹی کے صدر مقام کوالے شہر میں Kikoneni پرائمری سکول میں Lions Club of Mombasa Pwani, Lions Medical Centre اور دیگر کے اشتراک سے آنکھوں کا سکریننگ اینڈ سرجیکل کیمپ لگانے کی توفیق ملی جس میں کُل ۳۵۱؍افراد کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا جن میں سے ۲۴۵؍افرد کو ہیومینٹی فرسٹ کینیا کی طرف سے مفت ادویات دی گئیں اور ۷۸؍افراد کو نظر کی عینکیں فراہم کی گئیں۔ اس کے علاوہ ۲۸؍ افراد کے کیٹریکٹس کا کامیاب آپریشن کیا گیا، الحمدللہ علیٰ ذالک۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس خدمت پر ہیومینٹی فرسٹ اور دیگر شرکاء کو اس علاقہ کے مکینوں اور کاؤنٹی حکومت کی طرف سے خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ ہیومینٹی فرسٹ اور اس کے تمام شرکاء کی اِن تمام خدمات کو شرف قبولیت بخشے اور عوام الناس اور ملک و قوم کے لیے مزید خدمات کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ہیومینٹی فرسٹ کی عالمی سطح پر خدمات کے تیس سال مکمل ہونے پر اظہار تشکر ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل نے دکھی انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی للہی خدمات کے تیس سال پورے ہونے پر عالمگیر سطح پر اظہار تشکر کے لیے مختلف پروگرام ترتیب دیے اور ہر ملک میں جہاں جہاں ہیومینٹی فرسٹ رجسٹرڈ ہے یہ پروگرام منعقد کیے گئے، الحمدللہ۔ کینیا میں ہیومینٹی فرسٹ نہ صرف رجسٹرڈ ہے بلکہ زندگی کے ہر شعبہ میں اپنے ہم وطنوں کی خدمت میں ایک قابل ذکر مقام رکھتی ہے۔ چنانچہ خدمت انسانیت کا یہ سنگ میل عبور کرنے پر اللہ کی حمد و ثنا اور شکرانہ کے طور پر ہیومینٹی فرسٹ کینیا نے بھی ستمبر ۲۰۲۵ء میں ملک کے مختلف حصوں میں متعدد پروگرامز منعقد کیے اورWalk, Run, Bike Across the Globe For Humanity Program میں بھر پور حصہ لیا۔ نیروبی ہیڈ کوارٹرز کے علاوہ متعدد ریجنز میں ہیومینٹی فرسٹ کے بینرز کے ساتھ سائیکل سفراورپیدل مارچ کیا گیا۔ اس طرح مختلف شہروں، قصبوں اور دیہات میں مجموعی طور پر چھ ہزار کلو میٹر کا سفر کیا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف مقامات پر والی بال، فٹ بال، بیڈمنٹن، سائیکل ریس اور دیگر کھیلوں کے مقابلے رکھے گئے جن میں خدام، اطفال اور انصار سب نے بھر پور حصہ لیا۔ یہ تقریب ہر لحاظ سے کامیاب رہی۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ہیومینٹی فرسٹ کو ہر لحاظ سے مقبول خدمات کی توفیق عطا فرمائے اور رہتی دنیا تک بے لوث خدمت کا جھنڈا اس کی پہچان بنا رہے۔ آمین (رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جرمنی میں ۷۷ویں ’فرینکفرٹ انٹرنیشنل بک فیئر‘میں جماعت احمدیہ کی شرکت