اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ برکینافاسو کا ۲۰واں سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ ۲۶تا ۲۸؍ستمبر۲۰۲۵ء کو نیشنل ہیڈکوارٹرز سومگاندے، واگادوگو میں ’’مذہب اسلام، انسانیت کے ليے ناگزیر‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد ہوا۔ اجتماع کے کامیاب انعقاد کے ليے ایک انتظامی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے تمام انتظامات مکمل کيے۔ پہلا روز:اجتماع کے پہلے روز کا آغاز صبح چار بجےنماز تہجد سے ہوا۔ بعدنماز فجر ’رشتہ ناطہ کی اہمیت‘ پر درس دیا گیا۔ ناشتہ کے بعد شاملین اجتماع نے نمازجمعہ کی تیاری کی۔ مقامی وقت کے مطابق دن بارہ بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ ایم ٹی اے کے ذریعہ براہ راست سناگیا۔ پھر مقامی طور پر نماز جمعہ ادا کی گئی۔ اس روز اجتماع میں شامل ہونے کے ليےدیگر مہمان بھی تشریف لائے۔ دوسرا روز:دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس دیا گیا۔ ناشتہ کے بعد دس بجے تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی جس دوران مکرم ودراگو الیاس صاحب صدر مجلس انصار اللہ برکینا فاسو نے لوائے انصاراللہ اور مکرم کابورے سلیمان صاحب نائب امیر برکینافاسو نے قومی پرچم لہرایا۔ پرچم کشائی کے معاً بعد اجلاس کی کارروائی تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم سے شروع ہوئی۔ اس کے بعد صدر مجلس نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا جبکہ نائب امیر صاحب نے افتتاحی تقریر کی اور دعا کروائی۔ تقریب کے بعد ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ نماز ظہر سے قبل ممبران مجلس عاملہ انصار اللہ اور دیگر عہدیداران کا ایک سیمینار منعقد ہوا جس کا موضوع ’’مجلس انصاراللہ میں قائدین اور ناظمین کی ذمہ داریاں‘‘ تھا۔ نماز ظہر و عصر اورکھانے کے وقفہ کے بعد شام تک علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد ’’مجلس انصار اللہ میں انتخاب کا طریق کار‘‘ کے موضوع پر ایک لیکچر ہوا۔ اسی طرح انصار کو حفظان صحت کے متعلق آگاہی دینے کے ليے ایک لیکچر ہوا جو ڈاکٹر کابورے صاحب نے دیا۔ اس کا موضوع ’’ایک ناصر کو صحت مند زندگی گزارنے کے ليے کیا احتیاطی تدابیر اختیا رکرنی چاہئیں‘‘ تھا۔ تیسرا روز:اجتماع کے تیسرے اور آخری روز کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ پھر نماز فجر کے بعد ’بچوں کا سوشل میڈیا کا درست استعمال‘ پر درس ہوا۔ ناشتے کے بعد مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ ساڑھے دس بجے اجتماع کے مرکزی موضوع پر لیکچر ہوا۔ نماز ظہر و عصر کے بعد سوا دو بجے بصدارت مکرم میاں قمر احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ برکینافاسو اختتامی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم سے ہوا۔ بعدازاں سالانہ رپورٹ پیش کی گئی اور مکرم امیر صاحب نے انعامات تقسیم کيے۔ امسال ہمسایہ ممالک بینن، مالی، ٹوگو، نائیجر، گھانا اور آئیوری کوسٹ سے صدران مجالس اور بعض کے نمائندگان اجتماع میں شمولیت کے ليے تشریف لائے تھے۔ اِن مہمانوں کو اپنے تاثرات پیش کرنے کا موقع بھی دیا گیا۔ صدر مجلس انصاراللہ نے تمام شاملین اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے بہترین ریجن ہندے(Hunde)کو عَلم انعامی دیا اور اختتامی تقریر کی۔ ایم ٹی اے کے ذریعہ اجتماع مجلس انصار اللہ برطانیہ کے اختتامی اجلاس میں ورچوئل شرکت اور حضور انور کا بصیرت افروز خطاب:۲۸؍ستمبر کو نیشنل اجتماع مجلس انصاراللہ یوکے کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اختتامی خطاب ایم ٹی اے پر براہ راست نشر ہونا تھا۔ ہماری خوش قسمتی تھی کہ اس موقع پر برکینافاسو کو بھی ایم ٹی اے کے ذریعہ ورچوئل شرکت کی اجازت عطا ہوئی تھی۔ چنانچہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطاب شرو ع ہونے سے قبل مقامی طور پر تمام پروگرام ختم کر ليے گئے تھے۔ انصار نے نظم و ضبط سے بیٹھ کر پروگرام میں شرکت کی، اس دوران ایم ٹی اے پر برکینافاسو کی اجتماع گاہ کے مناظر بھی دکھائے جاتے رہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطاب اور دعا کے ساتھ ہی مجلس انصار اللہ برکینافاسو کے بیسویں سالانہ اجتماع کا بھی اختتام ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک اجتماع میں برکینافاسو کے ۱۶؍ریجنز کے ۴۰۱؍انصار نے شرکت کی توفیق پائی۔ (رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ اٹلی کے ایک وفد کی ویٹیکن سٹی میں کارڈینل جارج جیکب کوواکاد سے ملاقات