https://youtu.be/jSPaEXoeY40 مکرم آفاق منیب صاحب استاد جامعۃ المبشرین برکینافاسو تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ برکینافاسو کو واقفین نو کا چوتھا اجتماع ’’وقفِ نو کی ذمہ داریاں‘‘ کے مرکزی موضوع پر ۲۱و۲۲؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو سومگاندے مرکزی مشن ہاؤس میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اجتماع کے لیے نظم و ضبط اور بہترین انتظام کے لیے مختلف شعبہ جات قائم کیے گئے تھے۔ اس اجتماع میں ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے۱۴۰؍احباب نے شمولیت اختیار کی جن میں ۵۱؍والدین اور ۸۹؍واقفین و واقفاتِ نو شامل تھے (۴۹؍واقفاتِ نو اور ۴۰؍واقفینِ نو)۔ افتتاحی اجلاس:افتتاحی اجلاس مورخہ ۲۱؍ستمبر شام پانچ بجے منعقد ہوا جس کی صدارت مکرم کابورے سلیمان صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ برکینافاسو نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم ونظم سے ہوا۔ نیشنل سیکرٹری وقفِ نو نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اجتماع کے مرکزی موضوع پر ایک تقریر پیش کی گئی جس کے بعد نائب امیر صاحب نے والدین کو اپنے وقفِ نو بچوں کے ساتھ کیے گئے عہد کی یاد دہانی کروائی اور شعبہ وقفِ نو کو مزید فعال بنانے کی جانب توجہ دلائی۔ اجلاس کا اختتام دعا سے ہوا۔ نماز مغرب و عشاء اور کھانے کے بعد علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جو عمر کے لحاظ سے مختلف گروپس میں تقسیم تھے۔ مقابلہ جات میں حفظ القرآن، نصاب وقفِ نو، نظم اور تقاریر شامل تھیں۔ پہلے دن کے مقابلے رات ۱۰؍بجے اختتام پذیر ہوئے۔ دوسرا دن:دوسرا دن نماز تہجد اور فجر سے شروع ہوا۔ اس کے بعد حضرت مسیح موعودؑ کی کتاب ’ضرورۃالامام‘سے درس دیا گیا۔ ناشتہ سے قبل کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے جو عمر کے اعتبار سے مختلف گروپس میں تقسیم تھے: واقفینِ نو (لڑکے): گیند پھینکنا، چمچ دوڑ، پینلٹی کک، پنجہ آزمائی، کلائی پکڑنا اور ڈرائنگ۔ واقفاتِ نو (لڑکیاں): گیند پھینکنا، چمچ دوڑ، غبارہ پھاڑنا، رسی کودنا، ڈرائنگ اور ناک پر قلم رکھ کر دوڑ۔ اس سال ایک خصوصی انعام بھی متعارف کروایا گیا جوو کہر عمر کے گروپ میں علمی و ورزشی مقابلہ جات میں بہترین کارکردگی دکھانے والے واقف نو یا واقفہ نو کو دیا گیا۔ اختتامی اجلاس:اختتامی اجلاس ۲۲؍ستمبر کو صبح ۱۱؍بجے منعقد ہوا جس کی صدارت بھی نائب امیر صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد رشتہ ناطہ کے شعبہ کے متعلق تعارف اور ہدایات پر مشتمل ایک تقریر پیش کی گئی۔ اس کے بعد اجتماع کی رپورٹ اور نتائج کا اعلان ہوا اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ اختتامی تقریر میں صدر مجلس نے والدین کو توجہ دلائی کہ وہ نصاب وقف نو کو اہمیت دیں اور بچوں کو اُن کی عمر کے مطابق تعلیم دیں۔ آخر میں مکرم حافظ عطاء النعیم صاحب نیشنل سیکرٹری وقفِ نو نے تمام احباب کا شکریہ ادا کیا اور اجتماع کے اختتام پر نائب امیر صاحب نے دعا کروائی۔ (رپورٹ: محمد اظہار احمد راجہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: تنزانیہ کے چوّن ویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا کامیاب و بابرکت انعقاد