https://youtu.be/ebU9uEWB6x4 اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ ترکی کو اپنا تیسرا سالانہ نیشنل اجتماع ’’تقویٰ کا حقیقی مفہوم ‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۱۸و۱۹؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو بیت الہادی، استنبول میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اجتماع سے قبل مختلف انتظامی اُمور کے لیے آن لائن میٹنگز منعقد ہوئیں جن میں تمام ناظمین نے خوش اسلوبی سے اپنے فرائض سرانجام دیے۔ اجتماع کا آغاز ۱۸؍اکتوبر کو نماز تہجد سے ہوا جس کی امامت مکرم حزقیل احمد قمر صاحب مبلغ سلسلہ نے کی۔ نماز فجر کے بعد مکرم صادق احمد بٹ صاحب صدر جماعت احمدیہ ترکی نے اجتماع کے مرکزی موضوع پر درس دیا۔ مکرم محمد احمد راشد صاحب مبلغ سلسلہ و انچارج ٹرکش ڈیسک مرکزیہ نے بطور مہمان خصوصی اس اجتماع میں شرکت کی۔ افتتاحی اجلاس میں تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مہمان خصوصی نے اپنی تقریر میں خدام کو تقویٰ، اطاعتِ نظام اور خدمتِ دین کے عملی تقاضوں کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانے کی نصیحت کی۔ بعد ازاں علمی مقابلہ جات (حسنِ قراءت، اذان، تقریر اور کوئز) اور اطفال کے علیحدہ پروگرامز منعقد ہوئے جنہوں نے شرکاء میں دینی شوق، نظم و ضبط اور خدمتِ دین کا جذبہ مزید بڑھایا۔ نمازِ ظہر و عصر کے بعد مہمان خصوصی نے ’نظامِ خلافت کی برکات‘ پر درس دیا۔ دوپہر کے بعد ورزشی مقابلوں (فٹ بال اور دوڑ) کا انعقاد ہوا جن میں خدام و اطفال نے بھرپور جوش کے ساتھ حصہ لیا۔ عشائیہ اور نماز مغرب و عشاء کے بعد ’خلافت‘ کے موضوع پر ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ اِس کے بعد مہمان خصوصی کے ساتھ سوال و جواب کی نشست ہوئی جس میں تبلیغ اسلام احمدیت کے عملی پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔ اتوار کے روز دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ فجر کے بعد ’تقویٰ‘ کے مضمون پر درس ہوا اور مزید علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ بعد ازاں خدام و اطفال نے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدسم میں دعائیہ خطوط ارسال کیے۔ نمازِ ظہر و عصر کے بعد مکرم عثمان شکر صاحب معلم سلسلہ نے ’دینی پروگراموں میں شمولیت کی برکات‘ پر درس دیا۔ اختتامی اجلاس کی صدارت خاکسار (صدر مجلس خدام الاحمدیہ ترکی) کو کرنے کی توفیق ملی۔ تلاوت، عہد اور نظم کے بعد خاکسار نے تمام منتظمین، ناظمین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے خدام و اطفال میں انعامات تقسیم کیے۔ اجتماع کا اختتام دعا اور اجتماعی تصویر کے ساتھ ہوا۔ امسال اجتماع میں ۱۲؍اطفال، ۲۰؍خدام اور ۴؍انصار شامل ہوئے۔ یوں کُل حاضری ۳۶؍رہی۔ کئی احباب نے ۹تا۱۰؍ گھنٹے کا سفر طے کر کے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو بہترین اجر سے نوازے اور آئندہ مزید کامیابیاں عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: فاتح اوزترک۔ صدر مجلس خدام الاحمدیہ ترکی) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ البانیا کے سولہویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد