فٹ بال: فیفا ورلڈکپ۲۰۲۶ءکے لیے یورپ سے فرانس، کروشیا، پرتگال، ناروے، جرمنی اور نیدرلینڈز نے کوالیفائی کرلیا۔ ناروے نےاٹلی کو شکست دے کر۲۸ سال بعد فیفا ورلڈکپ میں جگہ بنالی۔میلان میں ہونے والے گروپ آئی کے اہم مقابلہ میں ناروے نے میزبان اٹلی کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔پہلے ہاف میں اٹلی کے Pio Espositoنے گول اسکور کیا جبکہ کھیل کے دوسرے ہاف میں ناروے نے چار گول داغ کراپنی فتح کو یقینی بنایا۔ناروے کی جانب سے مایہ ناز کھلاڑی Erling Haalandنے دو گول کیے، اس طرح وہ ورلڈکپ کوالیفائر میں ۱۶گول کرکے سرفہرست ہیں۔ دیگرمیچز میں فرانس نے یوکرائن کو ۴۔صفر،کروشیانے Faroe Islandsکو۳۔۱،اورجرمنی نے سلوواکیہ کو ۶۔صفر سے شکست دی۔ پرتگال کی ٹیم کوآئرلینڈکے خلاف صفرکے مقابلہ میں ۲گول سے ہارکاسامناکرنا پڑاجس میں کرسٹیانورونالڈو redکارڈ ملنے پر پابندی کا بھی شکارہوئے۔تاہم پرتگال نے اپنے آخری گروپ میچ میں آرمینیاکے خلاف ۹۔۱سے فتح حاصل کرکےآئندہ برس ہونے والے فیفاورلڈکپ میں جگہ بنالی۔ ٹینس:اٹلی کے شہرٹورین میں منعقدہ سال کے آخری بڑے ایونٹ اے ٹی پی فائنلزمیں اٹلی کے Jannik Sinnerنے عالمی نمبر ایک سپین کے Carlos Alcarazکو۷۔۶اور۷۔۵سے شکست دے کراپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا۔ کرکٹ:پاکستان بمقابلہ سری لنکا،تین ایک روزہ میچز کی سیریز پاکستان نے۳۔صفرسے جیت لی۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے پہلے بلےبازی کرتے ہوئےمقررہ پچاس اوورزمیں پانچ وکٹوں کے نقصان پر ۲۹۹رنزبنائے۔سلمان علی آغا نے ۱۰۵رنزکی ناقابلِ شکست اننگزکھیلی۔ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم ۲۹۳رنزبناسکی۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤوف نےچارکھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔دوسرے میچ میں سری لنکا کی طرف سے ملنے والا ۲۸۹رنز کا ہدف پاکستان نے بآسانی دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔بابراعظم نے اپنے ون ڈے کیریئر کی ۲۰ویں سینچری بنائی جبکہ ابراراحمد اورحارث رؤوف نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔آخری میچ میں مہمان ٹیم صرف ۲۱۱رنزبناکرآؤٹ ہوئی اور پاکستان نے ٹارگٹ چاروکٹیں کھوکرپوراکرلیا۔ بھارت بمقابلہ جنوبی افریقہ:دوٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلہ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو ۳۰رنزسے شکست دے کر یادگار فتح حاصل کی۔کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کی اور اپنی پہلی اننگز میں ۱۵۹رنز بنائے۔جسپریت بمرا نے پانچ کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔جواب میں بھارتی ٹیم ۱۸۹رنزبناکرآؤٹ ہوئی۔بیٹنگ کے لیے مشکل وکٹ پر جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری باری میں ۱۵۳رنز بنائے،کپتان Temba Bavuma نے ناٹ آؤٹ ۵۵رنزکی ذمہ دارانہ اننگزکھیلی۔۱۲۴رنزکے تعاقب میں کھیل کے تیسرے روز میزبان ٹیم محض ۹۳رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ بھارتی کپتان انجری کا شکارہونے کے باعث اس میچ میں بلےبازی نہ کرسکے۔جنوبی افریقہ کی طرف سے آف اسپنرSimon Harmer نے مجموعی طورپرآٹھ وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔ ورلڈ اسکریبل چیمپئن شپ:گھاناکے دارالحکومت اکرامیں ہونے والی عالمی اسکریبل چیمپئن شپ کینیڈاکےAdam Logan نے دوسری مرتبہ جیت لی۔فائنل میں انہوں نے نیوزی لینڈسے تعلق رکھنےوالےپانچ بارکےعالمی چیمپئنNigel Richardsکودوکے مقابلہ میں چارگیمزسے شکست دی۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے وسیم کھتری نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔چیمپئن شپ میں بہترین ٹیم کا اعزاز نائیجیریا نے حاصل کیا۔۱۵رکنی نائیجیرین اسکواڈ نے مجموعی طورپر۳۵۰گیمزجیت کر یوایس اے کی ٹیم کو مات دی۔ (ن م طاہر) ٭…٭…٭