٭…انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں سابق وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ واجد کو سزائے موت سنا دی گئی، شیخ حسینہ واجد کو ان کی غیر موجودگی میں سزا سنائی گئی ہے۔جسٹس غلام مرتضیٰ موجمدار کی سربراہی میں انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل کے تین رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔ ٹریبونل کے دیگر دو ارکان میں جسٹس شفیع العالم محمود اور جج محیط الحق انعام چودھری شامل ہیں۔ بنگلہ دیش کی مقامی جنگی جرائم کی عدالت انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نے ۴۵۳؍صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔ خیال رہے کہ شیخ حسینہ پر ۲۰۲۴ء میں طلبہ تحریک کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات دینے اور وسیع پیمانے پر ہلاکتوں کا الزام ہے۔اقوامِ متحدہ کے مطابق مظاہروں کے دوران ۱۴۰۰؍افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ٭…بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں سزائے موت پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے اس فیصلے کو سیاسی، جانبدار اور مقدمے کو تماشا قرار دے دیا۔شیخ حسینہ واجد نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف تمام الزامات بےبنیاد ہیں، میں گذشتہ سال جولائی اور اگست میں ہونے والی تمام ہلاکتوں پر افسوس کرتی ہوں، لیکن مَیں نے اور نہ ہی کسی اور سیاسی راہنما نے مظاہرین کو قتل کرنے کا حکم دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مجھے نہ تو عدالت میں اپنا دفاع کرنے کا مناسب موقع ملا اور نہ ہی اپنی پسند کے وکلاء کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت تھی۔اپنے بیان کے آخر میں شیخ حسینہ نے کہا کہ میں ایک شفاف اور منصفانہ عدالت میں اپنے الزامات کا سامنا کرنے سے نہیں ڈرتی، اسی لیے میں متعدد بار مطالبہ کر چکی ہوں کہ یہ مقدمہ ہیگ کی بین الاقوامی فوجداری عدالت میں لے جایا جائے اور وہاں ایسا ٹریبونل ہو جو ثبوتوں کو صحیح طریقے سے اور ایمانداری کے ساتھ جانچے۔ ٭…دنیا کا سب سے بڑا طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ کیریبین سمندر میں پہنچ گیا۔ امریکی بحریہ کے مطابق ایئرکرافٹ کیریئر اسٹرائیک گروپ خطے میں اتحادی فورسز کے ساتھ مل کر منشیات سے جڑے دہشت گرد نیٹ ورکس کو کمزور اور ختم کرنے کی کارروائیوں میں حصہ لے گا۔ ایسے میں وینزویلا نے امریکہ پر الزام عائد کیا ہے کہ نارکو ٹیرَر ازم کے نام پر امریکہ خطے میں اپنی فوجی موجودگی بڑھا کر ریجیم چینج کی کوشش کر رہا ہے۔ ٭…٭…٭