خدا تعالیٰ کے فضل و احسان سے مورخہ ۹؍اکتوبر ۲۰۲۵ء بروزجمعرات حفظ القرآن سکول کینیڈا میں سالانہ کھیلوں کا انعقاد کیا گیا۔ صبح آٹھ بجے اسمبلی میں دعا کے بعد طلبہ کو کھیلوں کے متعلق ہدایات دی گئیں۔ انفرادی مقابلوں، مثلاً سو میٹر دوڑ، ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن کے ليے طلبہ کو جونیئر اور سینئر گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔ اجتماعی مقابلوں مثلاً باسکٹ بال، ساکر، رسہ کشی، ہاکی اور ریلے ریس کے ليے طلبہ کو تین مختلف احزاب (محمود، ناصر اور نور) میں تقسیم کر کے تین ٹیمیں بنائی گئیں جنہوں نے مختلف رنگوں کی شرٹس زیب تن کی ہوئی تھیں۔ تمام طلبہ نے نہایت جوش و خروش کے ساتھ کھیلوں میں حصہ لیا۔ دوپہر بارہ بجے اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں نائب پرنسپل جامعہ احمدیہ کینیڈا مکرم مختار احمد چیمہ صاحب نے مع چند اساتذہ جامعہ شرکت کی۔ مکرم نائب پرنسپل صاحب نےطلبہ کو نصائح کیں کہ جس طرح آپ علمی میدان میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتے ہیں اسی طرح اپنی جسمانی قابلیتوں کو نکھارنے کی بھی ہمیشہ کوشش جاری رکھیں تاکہ آپ جماعت کی خدمت بہتر سے بہتر انداز میں کر سکیں اور سلسلہ کی ترقی میں حقیقی مددگار بنیں۔ آخر میں مہمان خصوصی نے ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات دیے۔ اختتامی تقریب کے بعد شرکاء کی کھانے کے ساتھ تواضع کی گئی۔ (رپورٹ:حافظ راحت احمد چیمہ۔انچارج حفظ القرآن سکول کینیڈا) مزید پڑھیں: نائیجر کے دارالحکومت نیامے کے مرکزی مشن ہاؤس میں ایک تبلیغی نشست