https://youtu.be/sa2GYlE_-MU اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے مجلس خدام الاحمدیہ لٹویا کو ۲۰و۲۱؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو دارالحکومت ریگا (Riga) میں واقع مشن ہاؤس میں اپنا تیسراسالانہ اجتماع کامیابی سے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے اجازت و منظوری حاصل کرنے کے بعد مکرم جاذب احمد شاہد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ لٹویا نے سالانہ اجتماع ۲۰۲۵ء کے ليے مختلف ناظمین پر مشتمل کمیٹی مقرر کی اور ناظمین کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے اُن کی ڈیوٹیاں اور اُن کے کام تقسیم کيے۔ اِس دوران مشن ہاؤس میں مختلف میٹنگز بھی ہوتی رہیں جن میں اجتماع سے متعلقہ کاموں اور تیاری کا جائزہ لیا جاتا رہا۔ اجتماع کے دن کا آغازباجماعت نمازِ تہجدسے ہوا۔ صبح دس بجے تمام حاضرین کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔ گیارہ بجے مکرم صدر مجلس خدام الاحمدیہ کی صدارت میں پہلے اجلاس کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کی سعادت مکرم فضل عمر شاہد صاحب مہتمم مال کے حصہ میں آئی۔ عہد کے بعد مکرم محمد حنان احمدصاحب نےحضرت مسیح موعودؑ کے منظوم کلام ’’وہ پیشوا ہمارا جس سے ہے نور سارا‘‘ سے چند منتخب اشعار انگریزی ترجمہ کے ساتھ خوش الحانی سے پیش کیے۔ صدر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں خدام سے مخاطب ہوکر کہا کہ اجتماع کا مقصد فَاسۡتَبِقُوا الۡخَیۡرٰتِپر عمل ہے۔ نیز آپ نے نمازوں کی پابندی اور مقابلوں میں اسلامی اخوت کے فروغ کی تلقین کی۔ دعا کے بعد مقابلہ جات کا آغاز ہوا اور سب سے پہلے تلاوتِ قرآن کریم، نظم اوراذان کے مقابلے ہوئے۔ نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی اور ظہرانہ کے بعد فی البدیہہ تقریر کامقابلہ اور پھر مشن ہاؤس میں ہی ٹیبل ٹینس کے مقابلے ہوئے۔ سات بج کر ۵۰؍منٹ پر نماز مغرب وعشاء کی ادائیگی کے بعد ورزشی مقابلہ جات میں حصہ لینے کے ليے تمام خدام مشن ہاؤس سے کچھ فاصلے پر واقع ایک سپورٹس ہال میں تشریف لے گئے۔ وہاں ثابت قدمی، ۱۰۰؍میٹر دوڑ، تین ٹانگ دوڑ، والی بال اور فٹ سال کےمقابلے منعقدہوئے۔ مقامی اور ہمسایہ ملک لتھوانیا سے تشریف لائے ہوئے خدام نے اِن مقابلہ جات میں بڑے جوش وخروش سے بھرپور حصہ لیا۔ اِن مقابلہ جات کے ساتھ ہی پہلے دن کا پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔ اجتماع کے دوسرے روز کا آغازبھی باجماعت نمازِتہجد سے ہوا۔ نمازِ فجر اور درسِ قرآن کے بعد سب خدام نےتلاوت قرآن کریم کی سعادت حاصل کی۔ صبح ساڑھے نو بجے تمام شاملین کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔ گیارہ بجے صبح مشن ہاؤس میں ٹیبل ٹینس سنگل اور ڈبل کے سیمی فائنل اور فائنل مقابلے منعقد ہوئے۔ اِس کے بعدبقیہ علمی مقابلہ جات منعقد کيے گئے۔ اِن علمی مقابلوں میں تقریر اُردو اور انگریزی، مشاہدہ و معائنہ اور ’ہماری تعلیم‘ سے کوئز کے مقابلے شامل تھے۔ اِن مقابلہ جات میں جج کے فرائض خاکسار (مبلغ سلسلہ و صدر جماعت لٹویا)، مکرم احمد فراز صاحب مبلغ انچارج و صدر جماعت لتھوانیا اورمکرم اظہر اقبال صاحب مبلغ سلسلہ لتھوانیا نے ادا کيے۔ اِن علمی مقابلہ جات میں بھی خدام نے بڑے جوش و جذبے سے حصہ لیا۔ ڈیڑھ بجے نماز ظہروعصر کی ادائیگی اور ظہرانہ کے بعد اِس اجتماع کے آخری علمی مقابلہ ’’پیغام رسانی‘‘ کا انعقاد ہوا۔ دوسرےروز کے اختتام پر خاکسار کی صدارت میں اختتامی اجلاس کا آغاز ہوا۔ مکرم انس محمود صاحب نےتلاوت قرآن کریم اور اُس کا ترجمہ پیش کیا اور اس کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ کا عہد دہرایا گیا۔ بعدہ ٗمکرم محمدحنان احمدصاحب نے حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ کے منظوم کلام ’’مرے درد کی جو دوا کرے‘‘ سے منتخب اشعار خوش الحانی سے پیش کیے جس کے بعد مکرم فضل عمر شاہدصاحب مہتمم مال مجلس خدام الاحمدیہ لٹویانے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعدورزشی اور علمی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن لینے والے خدام میں خاکسار نے انعامات تقسیم کيے۔ اجتماع میں شامل تین اطفال اور ایک بچےکو خصوصی انعام سے نوازا گیا۔ نیز تینوں منصفین کو بھی خصوصی انعام دیا گیا۔ تقسیم انعامات کے بعد خاکسار نے خدام کو نصیحت کی کہ اجتماع سے جو آپ نے سیکھا ہے اس پر عمل کریں، دینی خدمات کے لیے وقت نکالیں اور حضرت مسیح موعودؑ و خلفائے کرام کی کتب کا مطالعہ کریں۔ آخر میں سب کو ہدایت کی کہ مجلس خدام الاحمدیہ یوکے کے نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اختتامی خطاب براہ راست ضرور سنیں جس کا مشن ہاؤس میں انتظام کیا گیا تھا۔ اجتماعی دعا کے ساتھ مجلس خدام الاحمدیہ لٹویا کے تیسرے سالانہ اجتماع کا کامیاب اختتام ہوا۔ گذشتہ برس کی طرح امسال بھی جماعت احمدیہ لتھوانیا سے چندخدام مکرم مبلغ انچارج و صدر جماعت لتھوانیا اور مکرم اظہر اقبال صاحب مبلغ سلسلہ لتھوانیا کی معیت میں اِس مبارک اجتماع میں شامل ہوئے۔ یاد رہے کہ مجلس خدام الاحمدیہ لٹویا کا قیام دو سال قبل عمل میں آیا تھا۔ اس وقت کُل ۱۵؍ خدام ہیں جن میں سے ۱۱؍نے اس اجتماع میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں ۲؍ اطفال، ۳؍ انصار اور ۴؍ممبرات لجنہ اماءاللہ نے بھی شرکت کی۔ ۴؍خدام اور ۲؍اطفال لتھوانیا سے شامل ہوئے جبکہ ایک قازق نوجوان قزاقستان سے اور ایک سری لنکن غیرازجماعت بھی شامل ہوئے۔ یوں کل حاضری ۲۸؍ رہی۔ اللہ تعالیٰ مجلس خدام الاحمدیہ لٹویا کی اس سعی کو قبول فرمائے اور اس اجتماع کے نیک نتائج پیدا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: بشارت احمد شاہد۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)