اللہ تعالیٰ کے فضل سے گیمبیا کے لوئر ریور ریجن میں دوران ماہ اکتوبر ریجن کی ۳۸؍جماعتوں میں ریفریشر کورس منعقد کیے گئے۔ اس سلسلہ میں ریجن کےنو منتخب ریجنل صدر مکرم موسیٰ سابلی صاحب اور خاکسار (ایریا مشنری) نے الگ الگ وفود کے ساتھ ریجن کا دورہ کیا۔ دوران دورہ ہر جماعت میں الگ الگ عاملہ کے اجلاسات منعقد کيے گئے۔ ان میں مجلس عاملہ کو ان کے عہدوں کے بارے میں بتایا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ جماعتی قواعد اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نصائح و ارشادات کی روشنی میں عہدیداران کی ذمہ داریوں پر مشتمل مواد تیار کیا گیا جس کی مدد سے دوران اجلاسات تمام عہدیداران کو ان کی ذمہ داریوں کے بارے میں بتایا گیا۔ اسی طرح صدران جماعت کومجلس عاملہ کی مہینہ میں کم از کم ایک میٹنگ منعقد کرنے کی تلقین کی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام اجلاسات بہت اچھے رہے اور عہدیداران نے جماعت کی خدمت کرنےمیں اپنی پوری کوشش کرنے کا عہد کیا۔ اللہ تعالیٰ سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بانجل/کومبو ریجن میں صدران جماعت و سیکرٹریان مال کے ریفریشر کورس کا انعقاد اسی طرح مورخہ ۱۹؍اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز اتوار بانجل/کومبو ریجن میں نو منتخب اور پرانے مقامی صدران اور سیکرٹریان مال کا ایک روزہ ریفریشر کورس کا انعقاد ہوا۔ پروگرام کی صدارت نائب امیرو مبلغ انچارج گیمبیا مکرم محمود احمد طاہر صاحب نے کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد صدر مجلس نے اپنے ابتدائی کلمات کہے جس میں انہوں نے جماعت کے عہدیداران کو سونپی گئی ذمہ داریوں کی اہمیت پر زور دیا۔ مکرم ابراہیم فوفانہ صاحب نیشنل سیکرٹری مال گیمبیا نے مقامی سیکرٹریان مال اور صدران جماعت کے فرائض کا خاکہ پیش کرتے ہوئے نصائح کیں۔ آپ نے لازمی و طوعی چندوں کی تفصیلات نیز ان کی روحانی اور انتظامی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ نیشنل سیکرٹری تحریک جدید مکرم علیو تراولے صاحب نے تحریک جدید کی ایمان افروز ابتداء کے بارے میں بات کی اور شاملین کو اس کی روحانی برکات اور سالانہ چندہ کی بروقت ادائیگی کرنے کی اہمیت کی یاد دہانی کروائی۔ مختصر وقفہ کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں باجماعت ادا کی گئیں۔ دعا کے بعد بانجل/کمبو کے ایریا مشنری مکرم نوید احمد قمر نے صاحب ’’جماعت کی خدمت کی برکات‘‘ پر تقریر کرتے ہوئے جماعت کے مقامی صدران اور سیکرٹریان مال کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور انہیں عاجزی، لگن اور خلوص کے ساتھ خدمت کرنے کی ترغیب دی۔ اگلے مقرر مکرم سیکو جامع صاحب نیشنل سیکرٹری وقف جدید نے وقف جدید سکیم کی ابتدا اور مقصد کے بارے میں بات کی۔ آپ نے ممبران پر زور دیا کہ وہ اس بابرکت سکیم پر خصوصی توجہ دیں اور دل کھول کر حصہ ڈالیں، یہ دیکھتے ہوئے کہ نہ صرف گیمبیا بلکہ پوری دنیا میں اس کے زبردست فوائد دیکھے جا رہے ہیں۔ مکرم مبشر باہ صاحب نے سیکرٹریان مال کے کردار پر تقریر کی اور تمام مالی ریکارڈ کو صحیح اور مکمل رکھنے کی اہمیت بتائی۔ اس کے بعد شاملین کو سوالات کرنے کا موقع دیا گیا۔ آخرپر مکرم بوبکر ساہو صاحب ریجنل صدر نے اختتامی کلمات ادا کیے، تمام حاضرین کی شرکت اور تعاون کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کا اختتام دعائیہ کلمات سے ہوا۔ تقریب کا اختتام گروپ فوٹوگرافس اور ظہرانہ کے ساتھ ہوا۔ (رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)