https://youtu.be/bOJOGwZzqfQ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ ساؤتومے کو ملک کی سینٹرل جیل میں عطیہ خون کے ایک بابرکت پروگرام کے انعقاد کی توفیق ملی۔ گذشتہ چند ماہ سے اس جیل میں جماعت احمدیہ کے تبلیغی اور تربیتی لیکچرز باقاعدگی سے جاری ہیں جن کے نتیجہ میں ۳۴؍قیدیوں نے قبول احمدیت کی سعادت حاصل کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک مورخہ ۳۱؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو جیل انتظامیہ کی اجازت سے عطیہ خون کا پروگرام ترتیب دیا گیا۔ پروگرام کے آغاز میں قیدیوں کو عطیہ خون کی اہمیت اور اس کے فوائد سے متعلق بنیادی معلومات فراہم کی گئیں اور اُن کے سوالات کے جواب ہسپتال کی تکنیکی ٹیم نے دیے۔ آخر میں خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے جیل اور ہسپتال کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور خدمت انسانیت کے فضائل بیان کیے۔ پروگرام کے دوران ایک قیدی نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیل آنے سے قبل ہماری زندگی گمراہی اور مشکلات میں گزرتی تھی مگر جماعت احمدیہ کی تربیت نے ہمیں بدل دیا ہے۔ آج ہم اسی تبدیلی کے نتیجہ میں خدمتِ انسانیت کے لیے اپنا خون عطیہ کر رہے ہیں اور جب ہم جیل سے رہائی پائیں گے تو یقیناً بہتر انسان کے طور پر زندگی گزاریں گے۔ ان شاءاللہ مجموعی طور پر ۱۷؍افراد نے خون عطیہ کرنے کی توفیق پائی۔ جیل اور ہسپتال کی انتظامیہ نے جماعت احمدیہ کے تعاون اور خدمتِ انسانی کے جذبہ کو سراہا۔ اللہ تعالیٰ یہ بابرکت پروگرام جماعت احمدیہ ساؤتومے کے لیے موجبِ برکت بنائےاور ہمیں خدمتِ انسانیت کے مزید مواقع عطا فرماتا جائے۔ آمین (رپورٹ: انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)