اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے ہیڈکوارٹر دارالتبلیغ، بخشی بازار میں مورخہ ۲تا۱۰؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو واقفینِ نو کے لیے ایک خصوصی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں خاص طور پر اُن واقفینِ نو طلبہ کو مدعو کیا گیا تھا جنہوں نے امسال Higher Secondary School Certificateیعنی بارھویں جماعت کے امتحان میں حصہ لیا۔ پروگرام کا آغاز ۲؍ستمبر کو دعا سے ہوا جو مکرم ظہورالاسلام صاحب نیشنل سیکرٹری وقفِ نونے کروائی۔ ۳تا ۱۰؍ستمبر مختلف تربیتی کلاسز منعقد ہوئیں جن میں نماز مع ترجمہ، تلاوت قرآن کریم، تبلیغی مسائل، کیریئر گائیڈنس اور اردو زبان سیکھنے جیسے موضوعات شامل تھے۔ ان کلاسوں میں مقررہ مبلغین سلسلہ نے تدریسی فرائض انجام دیے۔ مزید برآں ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ بنگلہ دیش، مکرم ظہورالاسلام صاحب اور مکرم نوشاد احمد صاحب مبلغ سلسلہ ڈھاکہ جماعت نے شاملین کو چند مفید نصائح کیں۔ ۸؍ستمبر کو شاملین کے لیے ایک تفریحی پروگرام دریا کے کنارے منعقد کیا گیا۔ ۱۰؍ستمبر کو مختلف علمی اور کھیلوں کے مقابلہ جات ہوئے اور اسی روز اختتامی اجلاس کے ساتھ پروگرام کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر مکرم مسرور احمد صاحب اور مکرم ظہورالاسلام صاحب نے تقاریر کیں۔ بعد ازاں انعامات تقسیم کیے گئے اور دعا کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ اس پروگرام میں کُل سات واقفینِ نو نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو اپنی وقف کی ذمہ داریوں کو بہتر طور پر سمجھنے اور نبھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ کی پہلی مجلس شوریٰ کا کامیاب انعقاد