٭…امریکی وزیرِ توانائی کرس رائٹ نے کہا کہ امریکہ فی الحال جوہری دھماکوں کے تجربات کی منصوبہ بندی نہیں کر رہا۔ کرس رائٹ نے کہا جوہری ہتھیاروں کے تجربات دھماکوں پر مشتمل نہیں ہوں گے، ہم جس قسم کے ٹیسٹ کی بات کر رہے ہیں، وہ صرف سسٹم ٹیسٹ ہیں، یہ جوہری دھماکے نہیں ہیں بلکہ انہیں ہم نان کریٹیکل ایکسپلوژنز کہتے ہیں۔ یہ تجربات ایسے تمام حصوں پر مشتمل ہوتے ہیں جو جوہری ہتھیار کو متحرک کرنے کے لیے ضروری ہوتے ہیں مگر ان میں جوہری مواد کا دھماکہ شامل نہیں ہوتا۔ ٭… پاکستان کے DG-ISPR لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکہ کو اپنی سر زمین سے افغانستان پر حملوں کی کوئی اجازت نہیں دی، ایسی خبریں افغانستان کا پروپیگنڈا ہے۔ انہوں نے طالبان سے متعلق ثبوت سینئر صحافیوں کے ساتھ شیئر کیے۔ پاکستان میں افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی میں افغان فوج کے سپاہی بھی ملوث ہیں، تین چار ماہ میں افغانستان سے دراندازی کے دوران جن دہشتگردوں کو مارا گیا ان میں ۶۰؍فیصد افغان باشندے شامل تھے، ان کارروائیوں میں افغان فوج کے سپاہی بھی مارے گئے، وہ اپنے ٹھکانے سرحدی علاقوں سے رہائشی علاقوں میں منتقل کر رہے ہیں۔ ٭…چین نے جوہری ہتھیاروں کے تجربات پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات مسترد کر دیے۔چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چین ہمیشہ پُرامن ترقی کے راستے پر گامزن رہا ہے۔ چین جوہری ہتھیاروں کے استعمال میں پہل نہ کرنے کی پالیسی پر قائم ہے اور اپنی دفاعی نوعیت کی جوہری حکمتِ عملی پر قائم ہے۔ ٭…استنبول میں سالانہ COMCEC اقتصادی تعاون سربراہی اجلاس کے موقع پر او آئی سی رکن ممالک کے مندوبین سے خطاب میں رجب طیب اردوان نے کہا کہ حماس غزہ جنگ بندی پر عمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔مسلم ممالک کو فلسطین کی تعمیرِ نو میں قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں غزہ کے عوام تک مزید انسانی امداد پہنچانے کی ضرورت ہے مگر اسرائیلی حکومت اسے روکنے کی ہرممکن کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ عرب لیگ اور او آئی سی کے تیار کردہ تعمیرِ نو کے منصوبے پر فوری عملدرآمد ضروری ہے۔ ٭…سنگین الزامات لگنے کے بعد برطانوی بادشاہ چارلس نے اپنے چھوٹے بھائی شہزادہ اینڈریو سے ’پرنس‘کا لقب اور تمام تر شاہی نوازشات واپس لے لی ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ اینڈریو کو جلا وطنی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے جس کے بعد وہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل ہو سکتے ہیں۔شہزادہ اینڈریو جنسی الزامات کے بعد رواں ماہ کے آغاز میں ڈیوک آف یارک سمیت دیگر شاہی القابات سے دستبردار ہوگئے تھے تاہم اُن کی جانب سے ان الزامات کو مسترد کیا گیا ہے۔شہزادے کے لقب سے محروم ہونے کے بعد اب وہ اینڈریو ماؤنٹ بیٹن کہلائیں گے۔ ٭…طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے الزام لگایا ہے کہ امریکی ڈرون پاکستان کی فضائی حدود سے گزر کر افغانستان میں داخل ہو رہے ہیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں بدامنی پھیلانے کے لیے عالمی طاقتیں دوسروں کو استعمال کرتی ہیں، ہم کسی بھی سازش کے خلاف ڈٹے ہیں اور خطے میں گمراہ کُن عزائم کو حقیقت نہیں بننے دیں گے۔ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ دوحہ اور استنبول میں ہونے والی ملاقاتوں میں پاکستان کا مطالبہ تھا کہ ٹی ٹی پی ان کے لیے مسئلہ ہے اور اسلامی امارت کو ٹی ٹی پی کو کنٹرول میں رکھنا چاہیے، ہم نے واضح کیا ہے کہ ہم افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیتے۔ ٭… بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں نایاب سرجری کے بعد ۲۰؍سالہ نوجوان کا انگوٹھا اس کے پاؤں کی انگلی سے دوبارہ بنایا گیا۔ دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں ڈاکٹروں یہ کامیاب آپریشن کیا۔ہسپتال کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نوجوان ایک حادثے میں شدید زخمی ہوا تھا، اس کی موٹر سائیکل کو ایک ٹریکٹر نے ٹکر مار دی تھی، حادثے کے نتیجے میں اس کی بائیں ٹانگ گھٹنے کے نیچے سے اور بائیں ہاتھ کا انگوٹھا مکمل طور پر کٹ گیا تھا۔اس کامیاب سرجری کو میڈیکل ماہرین نے انسانی جسم کی بحالی میں ایک شاندار مثال قرار دیا ہے۔ ٭…اٹلی کے صوبے South Tyrol میں دو مقامات پر برفانی تودے گرنے سے پانچ جرمن کوہ پیما ہلاک ہو گئے۔ برفانی تودے میں دب کر ہلاک ہونے والے تمام کوہ پیماؤں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔اٹلی کے ریسکیو حکام کے مطابق کوہ پیما علیحدہ علیحدہ گروپس میں سفر کر رہے تھے، جس میں سے ایک گروپ کے تین افراد برفانی تودے میں بہ گئے اور موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔حادثے کے بعد زندہ بچ جانے والے کوہ پیماؤں نے امدادی ٹیموں کو اطلاع دی جس کے بعد فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ ٭…٭…٭