اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ اٹلی کے ایک وفد کو ویٹیکن سٹی میں مورخہ ۱۰؍اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک صبح ساڑھے نو بجے کارڈینل جارج جیکب کوواکاد (Cardinal George Jacob Koovakad) سے ملاقات کا موقع ملا۔ آپ اس وقت ویٹیکن کے ادارہ Dicastery for Interreligious Dialogue کے صدر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں جو مختلف مذاہب کے مابین مکالمہ، ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے لیے ویٹیکن کا مرکزی ادارہ ہے۔ اس ملاقات میں فادر لوراں بازانیز (Father Laurent Basanese) بھی موجود تھے جو بطور Bureau Chief for Islam مسلمانوں کے ساتھ مکالمے کے شعبہ کے نگران ہیں۔ وفد میں مکرم عبدالفاطر ملک صاحب (صدر جماعت احمدیہ اٹلی)، مکرم بشیر توماسی صاحب (نیشنل سیکرٹری تبلیغ) اور خاکسار (مبلغ انچارج و نائب صدر جماعت احمدیہ اٹلی) شامل تھے۔ ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں باہمی مفاہمت، بین المذاہب تعاون اور خدمتِ انسانیت کے حوالہ سے مفید تبادلۂ خیال ہوا۔ گفتگو کے دوران کارڈینل صاحب نے انسانیت کی خدمت کے کسی بھی عملی منصوبے پر باہمی تعاون سے کام کرنے کی تجویز پیش کی۔ اس پر خاکسار نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی زیرِ سرپرستی جاری شدہ منصوبہ ’Water for Life‘کا تعارف کروایا اور بتایا کہ خلافت احمدیہ کی برکت سے جماعت احمدیہ دنیا بھر میں فوری اور عملی اقدامات کے ذریعے خدمتِ انسانیت میں مصروف ہے۔ اس ضمن میں احمدیہ مساجد، سکولز اور ہسپتالوں کی خدمات کا بھی ذکر کیا گیا۔ ملاقات کے اختتام پر کارڈینل صاحب کو قرآن کریم کا اطالوی ترجمہ بطور تحفہ پیش کیا گیا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے عالمی امن کے پیغام اور منصوبوں کا تعارف بھی پیش کیا گیا۔ (رپورٹ:عطاءالواسع طارق۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: بیت التوحید، اٹلی میں سالانہ نیشنل ریفریشر کورس کا انعقاد