٭…اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیل غزہ امن معاہدے کے تحت پوری امداد غزہ جانے نہیں دے رہا، معاہدے کے برعکس اسرائیل امداد کا صرف ایک حصہ غزہ جانے دے رہا ہے۔ معاہدے میں روزانہ ۶۰۰ امدادی ٹرک غزہ بھیجنے کی بات طے ہوئی تھی تاہم اس کے برخلاف روزانہ صرف ۱۴۵ ٹرک غزہ جانے دیے جارہے ہیں۔ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کے جنوبی لبنان پر حملوں میں ۴؍افراد شہید ہوگئے۔ ٭… پاکستان کے صوبہ پنجاب بھر میں دفعہ ۱۴۴ کے نفاذ میں ۷ یوم کی توسیع کردی گئی، اس دوران ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں، اجتماعات اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دفعہ ۱۴۴ کے تحت ۴ یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پر مکمل پابندی عائد ہوگی، اسلحہ کی نمائش اور لاؤڈاسپیکر کے استعمال پر بھی مکمل پابندی نافذ ہے۔اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت اور تقسیم پر بھی سخت پابندی ہوگی۔ دفعہ ۱۴۴ کے نفاذ میں توسیع کا فیصلہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازوں اور تدفین پر نہیں ہوگا، سرکاری فرائض کی انجام دہی پر موجود افسران و اہلکار اور عدالتیں اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دی گئی ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ لاؤڈ اسپیکر صرف اذان اور جمعے کے خطبے کے لیے استعمال کیے جاسکیں گے، محکمہ داخلہ پنجاب نے ہفتہ ۸؍نومبر تک دفعہ ۱۴۴ کے نفاذ میں توسیع کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ ٭…اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ آج کے دن ہم صحافیوں کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں، دنیا بھر میں صحافیوں کے قتل کے ۱۰ میں سے تقریباً ۹ واقعات غیر حل شدہ ہیں۔ اپنے بیان میں انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ غزہ کسی بھی تنازع میں صحافیوں کے لیے سب سے خطرناک جگہ رہی ہے۔ ایک بار پھر آزاد اور غیرجانبدار تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہوں، سزا نہ ملنا صرف متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ناانصافی نہیں بلکہ صحافتی آزادی پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سزا نہ ملنا تشدد کو مزید بڑھاتا ہے اور جمہوریت کے لیے خطرہ ہے، تمام حکومتوں کو ہر کیس کی تحقیقات کرکے مجرموں کو کٹہرے میں لانا چاہیے۔ ٭…یوکرین پر روسی فضائی حملے میں ۲ بچوں سمیت ۶ افراد ہلاک ہو گئے۔ یوکرین کے شہر زاپوریزہزیا پر روسی حملے سے تقریباً ۵۸ ہزار گھروں کی بجلی معطل ہو گئی۔ روسی آئل پورٹ پر یوکرینی ڈرون حملے سے دو غیر ملکی جہازوں کو نقصان پہنچا ہے۔بحیرۂ اسود میں روس کی بندرگاہ پر رات گئے یوکرین نے ڈرون حملہ کیا ہے۔ ڈرون حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، حملے کے بعد لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ ٭…برطانیہ میں ٹرین میں چاقو کے وار سے ۳؍افراد زخمی ہوگئے۔ چاقو کے حملوں کا واقعہ کیمبرج شائر کے قصبے ہنٹنگڈن میں پیش آیا۔ پولیس اور ایمرجنسی سروسز موقع پر پہنچ گئیں جبکہ علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور واقعے میں ملوث ۲ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ٭…٭…٭