اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ آسٹریا کو اپنا سالانہ اجتماع بیت الطاہر، ویانا میں مورخہ ۲۰؍ستمبر ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ مکرمہ فائزہ نعیم صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ آسٹریا نے ’’تقویٰ‘‘کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد لجنہ اماءاللہ و ناصرات کے علمی مقابلہ جات کا باضابطہ آغاز ہوا۔ لجنہ اماءاللہ کے علمی مقابلہ جات میں حسن قراءت، حفظ قرآن، عربی قصیدہ، اردو و جرمن تقریر، فی البدیہہ تقریر، نظم، بیت بازی اور مضمون نویسی شامل تھے۔ ان مقابلہ جات کے لیے نصاب دوران سال تمام مجالس کو بھجوا دیا گیا تھا تاکہ ممبرات بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لے سکیں۔ اسی طرح ناصرات کے مقابلہ جات میں حسن قراءت، حفظ قرآن، عربی قصیدہ، اُردو و جرمن تقریر اور نظم شامل تھے۔ علمی مقابلہ جات کے بعد نیشنل سیکرٹری تربیت نے ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جس میں ’’تقویٰ کے ضمن میں ہماری ذمہ داریاں، خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں‘‘ نہایت پُر اثر اور سادہ انداز میں بیان کی گئیں۔ یہ ورکشاپ شرکاء کے لیے علمی اور روحانی اعتبار سے نہایت فائدہ مند ثابت ہوئی۔ نماز اور کھانے کے وقفے کے بعد شعبہ صنعت و دستکاری کی طرف سے ایک خوبصورت اور دلچسپ نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ اس نمائش میں لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ نے اپنے ہاتھوں سے تیار کی ہوئی مختلف چیزیں پیش کیں جن میں گھریلو استعمال کی اشیاء اور دلکش دستکاری کے نمونے شامل تھے۔ یہ نمائش نہ صرف دیکھنے والوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنی بلکہ بہنوں اور بچیوں کی فنی مہارت اور صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ بھی ثابت ہوئی۔ نمائش سے فائدہ اٹھانے کے بعد تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس میں علمی مقابلہ جات اور دیگر سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کو انعامات تقسیم کیے گئے۔ اجتماع کے اختتام پر صدر لجنہ اماء اللہ آسٹریا نے دعا کروائی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اجتماع کی کُل حاضری ۸۱؍رہی جس میں ۵۹؍ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ۲۲؍ناصرات شامل ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہماری ادنیٰ کوششوں کو قبول فرمائے اورتمام ممبرات کو تقویٰ اور خدمت دین کی راہوں پر استقامت عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:مبارک احمد فرخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭