اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۴؍اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ ہالینڈ کا سالانہ اجتماع برائے واقفین نو بیت النور نن سپیت میں ’’واقفین کے لیے قرآن بطور روشن راہنما‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد ہوا۔ صبح دس بجے کے قریب واقفین نو خدام اور اطفال مسجد میں آنا شروع ہوئے۔ رجسٹریشن کے ساتھ ریفریشمنٹ کا بھی انتظام تھا۔ سوا گیارہ بجے کے قریب تقریب پرچم کشائی ہوئی۔ اس کے بعد افتتاحی اجلاس کا آغاز مشنری انچارج مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب کی زیر صدرات ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد سیکرٹری وقف نو مکرم نبیل احمد صدیقی صاحب نے اجتماع کے موقع پر حضور انور کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ بعد ازاں مشنری انچارج صاحب نے اپنی تقریر میں واقفین نو کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ چند اعلانات کے بعد دعا کے ساتھ پہلے اجلاس کا اختتام ہوا۔ اس کے بعد پانچ گروپس کے تلاوت، نظم، حفظ قرآن اور تقاریر کے مقابلہ جات ہوئے۔ اس کے ساتھ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے واقفین کو انعامات دیے گئے۔ دوپہر کے کھانے اور نماز ظہر و عصر ادا کرنے کے بعد مکرم سعید احمد جٹ صاحب مربی سلسلہ و صدر مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ کے ساتھ واقفین نو کا ایک سیشن ہوا جس میں آپ نے خدمت دین کی اہمیت کے حوالے سے واقفین نو کو نصائح کیں۔ اس سیشن کے بعد واقفین نو کے لیے وقف نو Hub میں مختلف ورزشی و تفریحی سرگرمیاں رکھی گئی تھیں۔ ان میں ٹیبل ٹینس، میوزیکل چیئر اور ٹیبل فٹ بال شامل ہیں۔ اس کے بعد کچھ انٹرایکٹو سیشن ہوئے جن کا موضوع ’’قرآن بطور روشن رہنما‘‘ تھا۔ اجتماع کا اختتامی اجلاس شام ساڑھے پانچ بجے کے قریب مکرم ہبۃ النور فرحاخن صاحب امیر جماعت احمدیہ ہالینڈ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد ناظم اعلیٰ اجتماع مکرم مرتاض احمد صاحب مربی سلسلہ نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں امیر صاحب نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد مقابلہ جات میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے اور اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے واقفین نو کو امیر صاحب اور مشنری انچارج صاحب نے انعامات دیے۔ پھر نیشنل سیکرٹری صاحب وقف نو نے چند نصائح کیں۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں واقفین کو قرآن اور تبلیغ کی اہمیت اور سکول میں تبلیغ کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ اس کے بعد مشنری انچارج صاحب نے بھی واقفین نو کو نصائح کیں۔ دعا کے بعد واقفین نو کے لیے عشائیہ کا انتظام تھا۔ اس اجتماع میں کل حاضری ۱۳۱ تھی جس میں ۸۸ واقفین نو، ۲۰ مہمان اور ۲۳ والدین شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے نیک نتائج پیدا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے اجتماع واقفین نو ہالینڈ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم میرے پیارے، حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے روحانی بچو! السلام علیکم ورحمة الله وبرکاتہ الحمدللہ، واقفین نو ہالینڈ کا نیشنل اجتماع ۴؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو اور پھر واقفات نو کا ۱۱؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو منعقد ہورہا ہے۔ میں امید اور دعا کرتا ہوں کہ یہ اجتماع آپ سب کے لیے فائدہ مند ثابت ہو۔ آپ کے اجتماع کے مرکزی موضوع کی روشنی میں مَیں تمام واقفین نو اور واقفات نو کو یاد دہانی کروانا چاہتا ہوں کہ آپ قرآن کریم کی روزانہ تلاوت لازمی کریں اور اس کا ترجمہ پڑھیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نےبتایا ہے کہ کیا صحیح ہے اور کیا غلط ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ایک جگہ فرمایا ہے کہ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کے دیے ہوئے تقریباً ۷۰۰؍احکام موجود ہیں۔ یقیناً مومن کی تمام نیکیوں اور فرائض میں سے سب سے اہم یہ ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی عبات کا حق ادا کرتے ہوئے حقوق اللہ پورےطور پر ادا کرے۔ اور اللہ کی عبادت کا بنیادی ذریعہ نماز ہے۔ بحیثیت مسلمان ہمیں ہر نماز پوری توجہ کے ساتھ، مکمل عاجزی کی حالت میں اور انتہائی احترام اور ادب کے ساتھ ادا کرنی چاہیے۔ اگر ہم اس طرح نماز ادا کریں گے تو ہم قدرتی طور پر خدا کے قریب آجائیں گے اور اس کے ساتھ ایک مضبوط اور دیرپا تعلق قائم کریں گے۔ اس کے علاوہ اگر اللہ تعالیٰ کے ساتھ ہمارا روحانی تعلق بڑھے گا تو ہم فطری طور پر اچھائی اور نیکی کے دوسرے کاموں کی طرف بھی مائل ہوں گے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ ہمیں اخلاص کے ساتھ یہ دعا کرنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ہر قسم کے غیراخلاقی کاموں سے محفوظ رکھے اور ہم ہر وقت پاک اور خدا کا خوف کرنے والے رہیں۔ یقیناً آج کے معاشرے میں جہاں بہت سے خطرات موجود ہیں یہ دعائیں آپ کو ہر طرح کی برائیوں اور فتنوں سے بچانے کے لیے اور بھی اہم ہیں۔ اللہ کرے کہ آپ سب قرآن کریم کی تعلیمات کے حقیقی مرتبہ اور قدر کو پہچانیں، اپنی زندگی کو مثالی انداز میں گزاریں اور تمام نیکی کے کاموں میں آگے بڑھیں۔ آمین