https://youtu.be/5jTz6vDLma0 اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بینن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر واقع ایئر بیس میں مورخہ ۱۹؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو ایک تقریب کا انعقاد ہوا جس میں جماعت احمدیہ کو بطور خاص مدعو کیا گیا۔ اس تقریب میں بینن کی حفاظت کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر فوجیوں کی بیوگان اور یتیم بچے شامل ہوئے۔ جماعت احمدیہ کے وفد میں مکرم محمد لقمان بصیرو صاحب امیر جماعت احمدیہ بینن، مکرم راجی شہود صاحب جنرل سیکرٹری، مکرم عبدالرؤوف مالکی صاحب نیشنل سیکرٹری امور خارجہ، مکرم مظفر احمد ظفر صاحب مبلغ سلسلہ اور خاکسار (مربی سلسلہ) شامل تھے۔ تقریب کا مقصد اِن یتیم بچوں کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے امداد فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر مکرم امیر صاحب نے کہا کہ جماعت احمدیہ کی نظر میں ملک کی خاطر جان قربان کرنے والے نوجوانوں کا ایک خاص مقام ہے۔ چنانچہ یہ ہمارا اوّلین فرض اور باعث فخر ہے کہ ہمیں ان بہادر افراد کی بیوگان اور یتیم بچوں کی مدد کی توفیق مل رہی ہے۔ بعد ازاں امیر صاحب نے جماعت احمدیہ کی طرف سے تین ہزار یورو مالیت کے سکول بیگز اور کتب کے مکمل سیٹ پیش کیے۔ نیز دیگر تعلیمی اخراجات کے لیے تین ملین فرانک سیفا مالیت کا چیک بھی پیش کیا۔ اس تقریب میں وزارتِ قومی دفاع کے وفد کی قیادت چیف آف سٹاف جنرل عبدالباقی سنی باشابی (General Abdoul Baki Sanni Bachabi, Chief of Staff) نے کی۔ انہوں نے مسلسل دوسری مرتبہ جماعت احمدیہ کی جانب سے یتیم بچوں کی تعلیمی امداد پر گہرے تشکر کا اظہار کیا اور جماعت احمدیہ کی ملک گیر انسانی و فلاحی خدمات کو سراہا۔ اسی طرح وزارت معاشرتی امور کے مشیر جناب فرینک کومہاؤ (Franck Komahoué) نے اپنی تقریر میں پروگرام کے مثبت اثرات کا ذکر کرتے ہوئے طلبہ کی سکولوں میں باقاعدگی اور تعلیمی کارکردگی میں نمایاں بہتری کا ذکر کیا۔ بعد ازاں طلبہ کے نمائندہ نے بھی جماعت احمدیہ کے اس نیک اقدام پر دلی شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر مکرم امیر صاحب بینن نے تین ملین فرانک سیفا مالیت کا چیک پیش کیا جس کے ساتھ یہ بابرکت تقریب کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ اللہ تعالیٰ ان یتیم بچوں کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی توفیق دے اور دین اسلام کی روشنی سے ان کے سینے منور فرمائے۔ آمین (رپورٹ: مرزا فرحان بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)