ڈاکٹر حافظ محمد آصف صاحب فارمسسٹ احمدیہ ہسپتال ٹلنڈنگ تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ ہسپتال ٹلنڈنگ گیمبیا کے وفد کو گیمبیا کے ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ مکرم ڈاکٹر الیو سو کے ساتھ ملاقات کا موقع ملا۔ اس وفد میں ڈاکٹر تنویر احمد صاحب انچارج احمدیہ ہسپتال ٹلنڈنگ، خاکسار(قائم مقام ایڈمنسٹریٹر) اور ان کی ٹیم کے ارکان شامل تھے۔ یہ ملاقات مورخہ ۹؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو ڈائریکٹر کے دفتر میں ہوئی۔ دوران ملاقات ہسپتال کے وفد نے ڈائریکٹر کوجماعتی ہسپتال میں نئے شروع ہونے والے میٹرنٹی ڈیپارٹمنٹ کے بارے میں آگاہ کیا اوربتایا کہ ہمارا ارادہ اب ہسپتال میں حفاظتی ٹیکوں اور ساتھ ساتھ کمپیوٹرائزڈ برتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا سلسلہ شروع کرنے کا ہے۔ ڈائریکٹر نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا اور یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں پبلک ہیلتھ آفس کی طرف سے چار افسران کو ہسپتال میں تعینات کیا جائے گا۔ وفدنے ڈائریکٹر کو ہسپتال میں مینجمنٹ سافٹ ویئر متعارف کروانے کے بارے میں بھی آگاہ کیا جس کی اس نے بہت تعریف کی اور سراہا۔ اس کے علاوہ، مسٹر لامین بوجنگ کوآرڈینیٹر، بائیو میڈیکل ویسٹ ڈسپوزل ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ بھی ایک میٹنگ ہوئی جنہوں نے ہسپتال میں انفیکشن کو روکنے کے ليے کيے جانے والے اقدامات شروع کرنے کے منصوبے کو بہت سراہا۔ ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ نے ہسپتال انتظامیہ کو فلائرز اور ایس او پیز (SOPs)کے کتابچے بھی پیش کیے۔ دن کے آخر میں ہسپتال کی ٹیم نے ’’ریجنل ہیلتھ ڈائریکٹر ویسٹرن آفس‘‘ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے مکرم سیکو فاٹاجو پروگرام مینیجر، آر ایچ ڈی(ریجنل ہیلتھ ڈائریکٹر آفس) اور مکرم لامن سیسے ایڈمنسٹریٹر، آر ایچ ڈی سے ملاقات کی۔ ہسپتال میں حفاظتی ٹیکوں کی خدمات شروع کرنے کے منصوبے کے بارے میں مکرم سیکو فاٹاجو نے یقین دلایا کہ ایک ٹیم جلد ہی ہسپتال کا دورہ کرے گی اور ایک بار جب تمام ضروریات کی تصدیق ہوجائے گی تو حکومت کی طرف سے حفاظتی ٹیکے فوری طور پرمہیا ہوجائیں گے۔ اللہ تعالیٰ اس ہسپتال کو دن دگنی ترقی عطا فرمائے، خدمت انسانیت میں مزید آگے بڑھے اور ڈاکٹروں کے ہاتھ میں شفا رکھ دے۔ آمین (رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)