https://youtu.be/W4rox9gA8Ug اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سےماہ اگست ۲۰۲۵ء میں جماعت احمدیہ گیانا کو ملک کی ایک بڑی نمائش بلڈنگ ایکسپو (Building Expo)میں چار روزہ بک سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک صدر مملکت جناب ڈاکٹر محمد عرفان علی صاحب بک سٹال پر اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس نمائش میں سٹال کے لیے جگہ بہت ہی مناسب قیمت میں مل گئی۔ بک سٹال پر جماعتی کتب فروخت کرنے کے ليے رکھی گئی تھیں۔ اس کے علاوہ لوگوں کی دلچسپی بڑھانے کے ليے لوگوں کے نام عربی خطاطی میں لکھنے کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔ یعنی جوبھی کتب خریدے گا اس کا نام عربی خطاطی میں مفت لکھا جائے گا۔ اس وجہ سے کثیر تعداد نے کتب خریدیں۔ الحمدللہ بک سٹال کے ذریعے ایک ہزار ۵۹۰؍افراد کو تین ہزار ۳۰۱؍فلائرز مفت دیے گئے۔ بعض افراد کو ۸۵؍چھوٹی کتب بھی مفت دی گئیں۔ اسی طرح ۱۱۹؍کتب فروخت ہوئیں جن میں ۳۶؍قرآن کریم کے نسخے شامل تھے۔ اس کے علاوہ ایک تعارفی ویڈیو بنائی گئی جس کو فیس بک اور ٹک ٹاک پر چودہ ہزار ۴۹۳؍افراد نے دیکھا۔ نائب صدر مملکت جناب بھارت جگ دیوصاحب سٹال پر کتاب وصول کرتے ہوئے اس نمائش پر حضرت مسیح موعودؑ اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تصاویر بھی آویزاں کی گئی تھیں۔ بعض افراد نے ان تصاویر کو بغور دیکھا اور ان مقدس ہستیوں کے بارے دریافت کیا۔ چنانچہ انہیں جماعت احمدیہ کے بارے تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں اور حضرت مسیح موعودؑ کے دعویٰ مسیحیت کے بارے میں آگاہی بھی دی گئی۔ اس نمائش کو صدرِ مملکت جناب ڈاکٹر عرفان محمد علی صاحب، نائب صدرِ مملکت و سابق صدرِ مملکت بھارت جگ دیو صاحب بھی دیکھنے کے لیے تشریف لائے۔ بھارت جگ دیو صاحب کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطابات اور خطوط پر مشتمل کتاب ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ تحفہ میں دی گئی۔ علاوہ ازیں مکرم ناظم حسین صاحب این سی این نیشنل ٹی وی کے میزبان کو بھی یہ کتاب تحفہ میں دی گئی۔ اس نمائش کو کامیاب کرنے میں خدام، انصار اور لجنہ نے کام کیا اور اس طرح اسلام احمدیت کا پیغام ہزاروں افراد تک پہنچا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک اللہ تعالیٰ نیک فطرت اور سعید روحوں کو اسلام احمدیت قبول کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:مقصود احمد منصور۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: ہالینڈ میں بین المذاہب تقریب میں جماعت احمدیہ کی شرکت