ہالینڈ کے شہر ہیگ میں واقع معروف مقام پیس پیلس کے سامنے غزہ کے متاثرین کی یکجہتی میں ایک بین المذاہب تقریب منعقد ہوئی۔ یہ پروگرام ایک بین المذاہب تنظیم کے زیر اہتمام ہوا جس میں مختلف مذاہب، سیاسی جماعتوں اور امن کے علمبرداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہیگ کے میئر سمیت ۸؍مقررین نے تقاریر کیں جن میں قومی سطح کے سیاسی و مذہبی راہنما اور سماجی کارکن شامل تھے۔ جماعت احمدیہ کی نمائندگی مکرم ریحان احمد صاحب نیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر جماعت احمدیہ ہالینڈ نے کی جنہیں مقررین میں شامل کیا گیا تھا۔ آپ نے کہا کہ دنیا کو فوری طور پر جنگوں اور معصوم جانوں کے قتلِ عام سے باز آنا چاہیے اور جیسا کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بارہا ارشاد فرما چکے ہیں یہ تنازعہ صرف اور صرف مکالمے، عدل اور برابری کے ذریعے ہی ختم ہو سکتا ہے۔ تقریب کے دیگر مقررین جن میں ہیگ کے میئر بھی شامل تھے، نے اپنی تقاریر میں اس بات پر زور دیا کہ امن ہی اس خطے میں استحکام کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب اور اقوام کو مل بیٹھ کر مکالمے کے ذریعہ جلد از جلد ایک پائیدار حل تلاش کرنا چاہیے تاکہ مزید جانی نقصان اور تباہی سے بچا جا سکے۔ الحمدللہ، جماعت احمدیہ کا پیغام امن حاضرین نے نہایت پسندیدگی سے سنا۔ تقریب میں شریک سیاست دانوں، مذہبی راہنماؤں اور میڈیا کے نمائندگان نے جماعت احمدیہ کے موقف کو سراہا اور کئی شخصیات نے مزید مکالمے اور جماعت کے بارے میں گہرائی سے جاننے کی خواہش ظاہر کی۔ اس موقع پر ملکی سطح کے میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے اس تقریب کی نمایاں کوریج کی۔ (رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: مدرسۃ الحفظ گھانا کے ۹۷ویں طالب علم کا اعزاز تکمیلِ حفظ قرآن