آئندہ زلزلہ کی نسبت جو پیشگوئی کی گئی ہے وہ کوئی معمولی پیشگوئی نہیں… مجھے خدا تعالیٰ خبر دیتاہے کہ و ہ آفت جس کا نام اس نے زلزلہ رکھا ہے نمونۂ قیامت ہوگا اور پہلے سے بڑھ کر اس کا ظہور ہوگا… اگر چہ بظاہر لفظ زلزلہ کا آیا ہے مگر ممکن ہے کہ وہ کوئی اور آفت ہو جو زلزلہ کا رنگ اپنے اندر رکھتی ہو مگر نہایت شدید آفت ہو جو پہلے سے بھی زیادہ تباہی ڈالنے والی ہو جس کا سخت اثر مکانات پر بھی پڑے۔ (براہین احمدیہ حصہ پنجم، روحانی خزائن جلد ۲۱صفحہ ۲۵۳تا۲۵۴) جو کچھ نشان ظاہر ہوا اور ہوگا اس سے یہ غرض ہے کہ لوگ بدی سے باز آویں اور اس خدا کے فرستادہ کو جو ان کے درمیان ہے شناخت کر لیں۔پس اے عزیزو! جلد ہر ایک بدی سے پرہیز کرو کہ پکڑے جانے کا دن نزدیک ہے۔ ہر ایک جو شرک کو نہیں چھوڑتاوہ پکڑا جائے گا۔ہر ایک جو فسق وفجور میں مبتلا ہے۔ وہ پکڑا جاوے گا۔ہر ایک جودنیا پرستی میں حد سے گذر گیا ہے اور دنیا کے غموں میں مبتلاہے وہ پکڑا جائے گا۔ ہر ایک جو خدا کے وجود سے منکر ہے، وہ پکڑا جائے گا۔ہر ایک جو خدا کے مقدس نبیوں اور رسولوں اورمُرسَلوں کو بدزبانی سے یاد کرتاہے اور باز نہیں آتا و ہ پکڑا جائے گا۔ (مجموعہ اشتہارات جلد سوم صفحہ۳۵۳۔ایڈیشن۲۰۱۸ء) اِک ضیافت ہے بڑی اے غافلو کچھ دن کے بعد جس کی دیتا ہے خبر فرقاں میں رحماں بار بار فاسقوں اور فاجروں پر وہ گھڑی دُشوار ہے جس سے قیمہ بن کے پھر دیکھیں گے قیمہ کا بگھار خوب کھل جائیگا لوگوں پہ کہ دیں کس کا ہے دیں پاک کر دینے کا تِیرتھ کعبہ ہے یا ہر دوار وحیِ حق کے ظاہری لفظوں میں ہے وہ زلزلہ لیک ممکن ہے کہ ہو کچھ اور ہی قسموں کی مار (درثمین صفحہ۱۷۷) مزید پڑھیں: توبہ کے لیے تین شرائط