https://youtu.be/_IU00qnlGds اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ ڈنمارک کو اپنا نیشنل سالانہ اجتماع ۲۰۲۵ء مورخہ ۵؍اکتوبر بروز اتوار ایویدور (Avedøre) کے ایک سکول کے سپورٹس ہال میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ افتتاحی اجلاس صبح گیارہ بجے شروع ہوا جس کے مہمانِ خصوصی مکرم نعمت اللہ بشارت صاحب مبلغ سلسلہ تھے۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد مہمان خصوصی نے نظام جماعت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور دعا کے ساتھ اجتماع کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ ورزشی مقابلہ جات میں کرکٹ، والی بال اور میوزیکل چیئرز شامل تھے۔ نماز ظہر و عصر مسجد نصرت جہاں میں ادا کی گئیں۔ ناصرہال میں علمی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، نظم، تقریر، تقریر فی البدیہہ، حفظ القرآن اور کوئز شامل تھے۔ اختتامی اجلاس شام چھ بجے منعقد ہوا جس کی صدارت مکرم محمد زکریا خان صاحب امیر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ ڈنمارک نے کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں کو انعامات دیے گئے۔ مکرم سہیل احمد صاحب صدر مجلس انصاراللہ نے مجلس کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر میں انصار کو نماز باجماعت کی پابندی کی طرف توجہ دلائی اور دعا کے ساتھ یہ اجتماع بخیروخوبی اختتام پذیر ہوا۔ اس کے بعد شاملین کی عشائیہ سے تواضع کی گئی۔ اس اجتماع میں کُل حاضری ۴۲؍رہی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ: محمد اکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)