https://youtu.be/WMWU130xM7E اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ بینن کو ۱۰؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو وزارتِ دفاع کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں شامل ہونے کی توفیق ملی۔ یہ تقریب اُن فوجی شہداء کی بیوگان و یتامیٰ کے لیے منعقد کی گئی تھی جنہوں نے ملک کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اس موقع پر جماعت احمدیہ کی طرف سے راشن اور اشیاء خورو نوش بطور امداد تقسیم کیے گئے۔ جماعت احمدیہ کی نمائندگی کے لیے مکرم راجی شہود صاحب جنرل سیکرٹری، عزیزم ابلدوں یحییٰ اور خاکسار (مبلغ سلسلہ کوتونو) پر مشتمل وفد نے شرکت کی۔ اسی طرح اس تقریب میں وزارت قومی دفاع کے وفد کی قیادت چیف آف سٹاف جنرل عبدالباقی سنی باشابی (General Abdoul Baki Sanni Bachabi, Chief of Staff) نے کی۔ وزارت کی کابینہ کے بعض اراکین، بشمول ان کے نائب اور سماجی امور کے تکنیکی مشیر(Technical Advisor for Social Affairs)بھی اس تقریب میں شامل ہوئے ۔ تقریب وزارتِ دفاع کے احاطہ میں منعقد ہوئی جس کی صدارت چیف آف سٹاف نے کی۔ وزارت کے متعدد اعلیٰ عہدیداران بشمول نائب وزیر اور سماجی امور کے ٹیکنیکل ایڈوائزر بھی موجود تھے۔ جنرل صاحب نے اپنے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ جماعت احمدیہ نے ہمیشہ غریب و نادار افراد کی امداد میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور آج کی امداد بھی اسی خدمتِ خلق کی روشن مثال ہے۔ بعد ازاں وفد کی نمائندگی کرتے ہوئے خاکسار نے یتامیٰ اور بیوگان کی کفالت کی اسلامی تعلیمات اور جماعت احمدیہ کی روایات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جماعت احمدیہ ’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘ کے اصول کے تحت خدمتِ انسانیت میں مصروفِ عمل ہے اور شہداء کے وارثان کی ہرممکن مدد آئندہ بھی جاری رکھے گی۔ ان شاء اللہ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کی ان خدمات کو قبول فرمائے اور مزید خدمت انسانیت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: مرزا فرحان بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)