اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ ایکواڈور کو ۱۷تا۲۲؍ستمبر ۲۰۲۵ء ملک کے سب سے بڑے شہر گوایاکیل (Guayaquil) میں منعقد ہونے والے گیارہویں بین الاقوامی کتب میلے میں اپنی کتب کی نمائش کرنے کی سعادت ملی۔ یہ میلہ ملک کا سب سے بڑا پروگرام ہے جس میں کتابوں کی نمائش، مصنفین سے ملاقاتیں، علمی مجالس اور دیگر سرگرمیاں شامل ہوتی ہیں۔ اس سال بھی جماعتی کتب کو نمایاں طور پر رکھا گیا جنہیں دیکھ کر زائرین نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور بعض نے کتب بھی خریدیں۔ اس کے ساتھ ساتھ قرآن کریم کے مختلف تراجم خصوصاً ہسپانوی ترجمہ کو خصوصی طور پر پیش کیا گیا جو زائرین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ الحمدللہ، اس میلے کے ذریعہ ہزاروں افراد کو اسلام احمدیت کی پُرامن اور خوبصورت تعلیمات سے متعارف کروایا گیا۔ مجموعی طور پر ۸؍ہزار سے زائد فلائرز تقسیم کیے گئے اور ۷۰؍سے زائد کتب فروخت ہوئیں۔ اس موقع پر خاکسار (مبلغ سلسلہ ایکواڈور)، مکرم ریاض صاحب (مبلغ سلسلہ پیرو فطین)اور ایک مقامی خادم عزیزم جان سٹیون نے جماعت احمدیہ کی نمائندگی کی۔ (رپورٹ: خواجہ عبدالباسط۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کے نیشنل اجتماع کا دوسرا روز بھی متفرق دلچسپ پروگراموں کے ساتھ اختتام پذیر