۳؍اکتوبر جمعۃ المبارک کو صبح فجر کے وقت بہت آہستہ ہوا چل رہی تھی، صاف آسمان پر دن بھر سورج اپنی من مانی کرتا رہا۔ گرمی اپنے جوبن پر تھی، تاہم بعد دوپہر ہلکی ٹھنڈی ہوا چلنا شروع ہوگئی۔ ایسے لگ رہا تھا کہ موسم سرما آنے کو ہے۔ شام کے وقت ہوا کی رفتار کم ہوگئی۔ ہفتہ کو بھی آسمان صاف تھا اور سورج خوب چمک رہا تھا، البتہ ہلکی ٹھنڈی ہوا بھی چل رہی تھی جو سرِ شام بند ہوگئی۔ عشاء کے بعد دھیرے سے بادل آسمان پر پھیل گئے اور ساڑھے گیارہ بجے رات آسمان پر بجلی چمکنا شروع ہوگئی اور ایک گھنٹے میں ہی ہلکی بارش بھی آگئی۔ اتوار کو آسمان صاف تھا، ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی، دھوپ کے باوجود موسم اچھا لگ رہا تھا۔ شام کے وقت ہوا کی رفتار تیز ہوگئی، رات گئے بادل آگئے اور ساری رات درمیانی رفتار سے بارش ہوتی رہی جو وقفے وقفے سےجاری رہی۔ سوموار کو گذشتہ روز کے بادلوں نے صبح سے ہی آسمان پر قبضہ کیا ہوا تھا۔ دن بھر گھنے اور سیاہ بادل موجود رہے اور سورج کی ایک نہ چلنے دی، ان خوبصورت بادلوں کے ساتھ ٹھنڈی ہوا نے موسم سرد بنا دیا۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۲۲؍ اور کم سے کم ۱۸؍ درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے موسم سرما اپنے رکھ رکھاؤ کے ساتھ آگیا ہے۔ لوگوں نے اپنے گرم کپڑے نکالنا شروع کردیے ہیں اور رات کے وقت ہلکے پنکھوں کے نیچے کھیس، دلائیاں اور کمفرٹر وغیرہ استعمال کرتے ہیں۔ بعض جگہوں پر پنکھے بند بھی ہوگئے ہیں۔ گرمی اور حبس کے دن بِیت گئے۔ منگل، بدھ اور جمعرات کے دن کا موسم قدرے یکساں تھا۔ یعنی خشک اور سرد، ساتھ ان دنوں میں سورج بھی خوب چمکا اور ٹھنڈی ہوا رواں دواں رہی اور موسم کو خوشگوار بنائے رکھا۔ گذشتہ دنوں کی نسبت ٹمپریچر دھوپ کی وجہ سے۲؍ ڈگری زیادہ ہوگیا۔ جو زیادہ سے زیادہ ۲۸؍ اور کم سے کم ۱۹؍ درجہ سینٹی گریڈ تھا۔(ابو سدید) مزید پڑھیں: ربوہ کا موسم(۲۶؍ستمبر تا ۲؍اکتوبر ۲۰۲۵ء)